پاکستان بھارت کشیدگی، ایشیا ، یورپ میں فلائٹس متاثر ، اسلام آباد کراچی، پشاور ، کوئٹہ سے فضائی آپریشن بحال
لاہور (نوائے وقت نیوز، صباح نیوز، آن لائن) کراچی، اسلام آباد، پشاور اور کوئٹہ ائیر پورٹ فضائی آپریشن کے لیے کھول دئیے گئے۔ ترجمان سی اے اے کے مطابق کمرشل پروازوں کے لیے کراچی، اسلام آباد، پشاور اور کوئٹہ ائیر پورٹس پر فضائی آپریشن بحال کر دیا گیا ہے۔ پاکستان کی فضائی حدود مرحلہ وار کھولنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔ پہلے مرحلے میں صرف کراچی سے فلائٹ آپریشن کی اجازت دی گئی۔ فلائٹ آپریشن معطل ہونے کے بعد ہزاروں پاکستانی دنیا بھر کے ائیر پورٹس پر شدید پریشانی کا شکار تھے۔ بھارت کے ساتھ چند روز قبل ہونے والی فضائی جھڑپوں کے بعد ضروری حفاظتی اقدامات کے پیش نظر اندرون و بیرون ملک آنے اور جانے والی پروازوں کو وقتی طور پر روک دیا گیا تھا۔ دریں اثناء لاہور سے نیو دہلی جانے والی دوستی بس سروس مسافروں کو لے کر بھارت کے لئے روانہ ہو گئی۔ جبکہ لاہور سے امرتسر جانے والی مسافر بس خالی روانہ ہوئی۔ لاہور سے نیو دہلی جانے والی دوستی بس سروس میں 16 مسافر سوار تھے جن میں تین پاکستانی اور 13 بھارتی شہری شامل ہیں۔ جبکہ لاہور سے امرتسر جانے والی بس میں ایک مسافر بھی نہیں آیا۔ لاہور سے امرتسر جانے والی بس واہگہ بارڈر سے خالی روانہ ہوئی۔ ایک رپورٹ کے مطابق پاکستان اور بھارت کی فضائی حدود کی عارضی بندش کے باعث خاص طور پر ایشیا اور یورپ کے درمیان ایئر ٹریفک بری طرح متاثر ہوا جبکہ کچھ ایئرلائنز نے روٹس کو تبدیل کرکے اپنی فلائٹس کو ایڈجسٹ کردیا۔ رپورٹ کے مطابق بین البراعظمی فلائٹس کے لیے مصروف حب اور اہم مقام بینکاک پھنس گئے۔ بینکاک ایئرپورٹ کے حکام کا کہنا تھا کہ 4 ہزار افراد اس سے متاثر ہوئے، تھائی ایئرویز نے تقریباً 30 فلائٹس منسوخ کردیں، جس کے باعث 5 ہزار مسافر متاثر ہوگئے۔ ایئرلائن کی جانب سے اپنے ٹوئٹر پیج پر لکھا کہ ' پاکستان کی فضائی حدود بند ہونے کے باعث تمام تھائی پروازیں جو بینکاک سے یورپ کے لیے 27 فروری کی رات سے 28 فروری کی صبح اور 27 فروری کو یورپ سے بینکاک کو پرواز کرنے والی فلائٹس منسوخ کردی گئیں'۔ اس فیصلے سے لندن، میونخ، پیرس، برسلز، میلان، وینا، سٹاک ہولم، زیورچ، کوپن ہیگن اور اوسلو کے لیے اس کی سروسز متاثر ہوئی۔