شاہ محمود قریشی کو او آئی سی اجلاس میں جانا چاہئے تھا‘ کرنل (ر) انعام الحق
اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) ایکس سروس مین لیگل فورم کے کنوینئر کرنل (ر) انعام الحق نے کہا ہے کہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے اسلامی کانفرنس تنظیم کے اجلاس میں شرکت کر کے کشمیریوں پر بھارت کے مظالم اور بھارت کی طرف سے تنظیم کی قراردادوں کے استرداد کا معاملہ اٹھانا چاہیے۔ لیگل فورم کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیر خارجہ کو اجلاس میں جا کر تنظیم سے مطالبہ کرنا چاہیے کہ وہ وہاں موجود بھارتی وزیر خارجہ سے کہیں کہ تنظیم کے وفد کو مقبوضہ کشمیر جانے کی اجازت دی جائے جو کشمیریوں پر بھارتی مظالم کی سنگین نوعیت کا جائزہ لے۔ کرنل(ر) انعام الحق کا کہنا تھا کہ آج کی دنیا میں بائکاٹ کسی مسلہ کا حل نہیں کیونکہ کوئی بھی ریاست روابط کے فقدان کی متحمل نہیں ہو سکتی۔ وزراء خارجہ کونسل میں بھارت سے مطالبہ کیا جائے کہ وہ پلوامہ واقعہ میں پاکستان کے ملوث ہونے کے ثبوت فراہم کرے۔