بھارت نے تشدد سے شہید شاکر اللہ کی میت دے دی: قاتلوں کیخلاف کارروائی کی جائے: پاکستان
لاہور+گوجرانوالہ( نوائے وقت رپورٹ، مانیٹرنگ ڈیسک+ ایجنسیا ں+نمائندہ خصوصی) بھارتی جیل میں شہید ہونے والے پاکستانی شہری شاکر اللہ کی میت کو واہگہ بارڈر میں پاکستانی حکام کے حوالے کر دی گئی، پی ٹی وی کے مطابق 50سالہ شاکر اللہ کا تعلق پنجاب کے شہر سیالکوٹ سے تھا اور انہیں 8برس قبل غلطی سے سرحد پار کرنے پر گرفتار کیا گیا تھا ، سرکاری ٹی وی کے مطابق شاکر اللہ گزشتہ 8سال سے بھارت کی ریاست راجھستان کی سینٹرل جیل جے پور میں قید تھے ، جہاں وہ تاحیات قید کاٹ رہے تھے ، پی ٹی وی کے مطابق 50سالہ شاکر اللہ کو جیل کے اندر پتھر مار مار کر قتل کیا گیا تھا اور ان کی میت کی واپسی کے لئے انتظار کرنا پڑا ، مقتول شاکر اللہ کی میت ایک ایسے وقت میں پاکستانی حکم کے حوالے کر دی گئی ہے ، جب محص ایک روز قبل ہی پاکستان دراندازی کرنے والے بھارتی پائلٹ ابھی نندن کو اسی واہگہ بارڈر میں خیرسگالی کے طور پر بھارتی حکام کے حوالے کر دیا تھا، رپورٹس کے مطابق شاکر اللہ کے لواحقین نے گزشتہ روز واہگ بارڈر میں ان کی میت کی حوالگی کے لئے احتجاج بھی کیا تھا۔ واہگہ بارڈر پر شاکر اللہ کی میت وصول کرنے کے لئے اہلخانہ موجود تھے اہلخانہ میت کو تدفین کے لئے سیالکوٹ کے قصبے ڈسکہ لے گئے بھائی شہزاد گلفام کے مطابق 47سالہ شاکر اللہ ذہنی مریض تھا جو 2003میں غلطی سے سرحد عبور کر گیا تھا شاکر اللہ شکر گڑھ کے نزدیک میلا دیکھنے گیا تھا شاکر اللہ کو پلوامہ واقعہ کے بعد انتہا پسندوں نے جیل میں تشدد کرکے شہید کر دیا تھا۔ڈسکہ سے نامہ نگار، نمائندہ خصوصی اور سیالکوٹ سے نامہ نگار کے مطابق جے پور بھارتی جیل میں شہید ہونے والے شاکر اللہ کی میت گزشتہ روز واہگہ بارڈر لاہور میں پاکستانی کے حوالہ کر دی گئی ہے شاکر اللہ کو دفنانے کیلئے تمام انتظامات مکمل کرلئے ہیں شاکر اللہ کی میت افتخار احمد ساہی کے ڈیرہ پر رکھی گئی ہے اور شہید شاکر اللہ کی نماز جنازہ آج صبح 10 بجے جیسر والا میں ادا کیجائیگی ۔گوجرانوالہ سے نمائندہ خصوصی کے مطابق کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن وقاص علی محمود ڈپٹی کمشنر اور وی آئی پیز کے ہمراہ جنازہ میں شرکت کرینگے اور مرحوم کے اہلخانہ سے اظہار تعزیت کریں گے میڈیا کے دوستوں سے شرکت کی اپیل ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا ہے بھارت سے شاکر اللہ کے قتل کی تفصیلات اور پوسٹ مارٹم رپورٹس مانگی تھیں، جو ابھی تک نہیں ملیں، ہمیں فراہم کی جائیں، بھارت اپنے ہاں تمام پاکستانیوں بالخصوص جیلوں میں قید پاکستانیوں کا تحفظ یقینی بنائیں۔ ہفتہ کو اپنے ایک بیان میں ترجمان دفترخارجہ نے تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی جیل میں قتل کئے گئے پاکستانی شاکر اللہ کی میت پاکستان کے حوالے کر قاتلوں بھارت ذمہ داری کا تعین کرے۔ اور شاکر اللہ کے قتل کی تفصیلات اور پوسٹ مارٹم رپورٹس مانگی تھیں، جو ابھی تک نہیں ملیں، بھارت شاکر اللہ کے قاتولں کو کیفر کردار تک پہنچائے اور شاکر اللہ کے قتل کی انکوائری کی تفصیلات اور پوسٹ مارٹم رپورٹ ہمیں فراہم کی جائے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ بھارت اپنے ہاں تمام پاکستانیوں بالخصوص جیلوں میں قید پاکستانیوں کا تحفظ یقینی بنائے۔