• news

سپنر عمر خان بڑے بلے بازوں کے لئے ڈرائو نا خواب بن گئے

لاہور (نمائندہ سپورٹس ) پاکستان سپر لیگ 4 نے گزشتہ تین برسوں کی طرح نوجوان کھلاڑیوں کی صلاحیتوں کو دنیا کے سامنے لانیکی روایت برقرار رکھی ہے اور اس سال سامنے آنے والے ناموں میں کراچی کنگز کے 18 سالہ لیفٹ آرم سپنر عمرخان قابل ذکر ہیں۔عمرخان کو کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم بھرپور انداز میں استعمال کرنے میں ناکام رہے ہیں لیکن نوجوان باولر کو جتنا بھی موقع ملا ہے انھوں نے اس سے فائدہ اٹھایا ہے،ملتان سلطانز کے خلاف میچ میں عمرخان سے صرف دو اوورز کرائے گئے جن میں انہوں نے صرف 9 رنز دے کر شان مسعود کو آوٹ کیا تھا،لاہور قلندرز کے خلاف میچ میں عمر خان نے 4اوورز میں محض 25 رنز دیکردو وکٹیں حاصل کیں جن میں اے بی ڈی ویلیئرز کی قیمتی وکٹ بھی شامل تھی،کراچی کنگز اور لاہور قلندرز کے جوابی میچ میں ایک اور بڑی وکٹ نوجوان عمر خان کے حصے میں آئی، اس بار ان کے ہاتھوں آوٹ ہونیوالے نیوزی لینڈ کے جارحانہ بیٹسمین کورے اینڈرسن تھے جو22رنز بناکر عمرخان کی گیند پر دھوکہ کھاکر سٹمپ آوٹ ہوگئے،کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کیخلاف میچ میں عمر خان آسٹریلوی بیٹسمین شین واٹسن کی اہم وکٹ حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے۔اسلام آباد یونائیٹڈ کیخلاف کراچی کنگز کو شکست کا سامنا کرنا پڑا لیکن اس میچ میں بھی عمرخان نے متاثرکن باولنگ کرتے ہوئے لیوک رونکی اور حسین طلعت کو آوٹ کیا۔عمرخان کا کہنا تھا کہ انہوں نے لاہور قلندرز کے خلاف میچ کے دوران سوچا تو صرف یہی تھا کہ اے بی ڈی ویلیئرز کو باولنگ کرنی ہے لیکن انھیں آوٹ بھی کرنے پر میں بہت خوش ہوں، سینئرکھلاڑیوں نے کہا تھا کہ ڈی ویلیئرز جب پیچھے ہٹیں تو انہیں شاٹ کھیلنے کیلئے زیادہ جگہ مت دینا اور میں نے وہی کیا تھا۔پاکستانی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر اور سابق فاسٹ باولر وسیم اکرم اس نوجوان باولر کی صلاحیتوں کے معترف ہیں اور ان کا کہنا ہے کہ عمرخان نے اسی طرح محنت جاری رکھی تو ان کا مستقبل روشن ہے۔فاٹا سے تعلق رکھنے والے عمرخان کے والد کی ٹائر پنکچر کی دکان تھی لیکن اپنے بیٹے کا شوق پورا کرنے کیلئے انھوں نے ان کی قدم قدم پر رہنمائی اورحوصلہ افزائی کی۔عمرخان سابق لیفٹ آرم سپنر ندیم خان کی دریافت ہیں جواس نوجوان باولرکی صلاحیتوں سے متاثر ہوکر انہیں یونائیٹڈ بینک کی ٹیم میں لے آئے جہاں سے وہ سوئی سدرن گیس کی ٹیم میں شامل ہوئے۔

ای پیپر-دی نیشن