آسٹریاکا اتھلیٹ میکس ہاک بلڈٹرانسفر کرتے رنگے ہاتھوں گرفتار
لاہور(سپورٹس ڈیسک) کھیلوں میں ڈوپنگ کا دائرہ مسلسل پھیل رہا ہے اور آسٹریا میں سکیئنگ ڈ وپنگ کا ایک سکینڈل سامنے آیا ہے۔ پولیس نے ملک کے معروف سکیئرمیکس ہاک کو جو اولمپیئن ہو نے کے ساتھ ساتھ خود بھی پولیس والا ہے رنگے ہاتھوں پکڑ لیا ۔ پولیس نے جب چھاپہ مارا تو یہ سکیئر بلڈٹرانسفر میں مصروف تھا جو اتھلیٹس کیلئے سختی سے منع ہے ۔ اس سے جسم میں آکسیجن کی مقدار بڑھ جاتی ہے جس سے اتھلیٹس کو اضافی توانائی ملتی ہے ۔اینٹی ڈوپنگ ایجنسی اور پولیس کی یہ مشترکہ کارروائی سکیئنگ ورلڈ چیمپیئن شپ کے دوران ڈوپنگ سکینڈل سامنے آنے کے بعد کی جس کے دوران5سکیئر ز سمیت مجموعی طور پر 9افراد گرفتار کئے گئے ہیں ۔آسٹریا کے ساتھ جرمنی میں بھی چھاپے مارے گئے اور ایک ڈاکٹر بھی حراست میں لیا گیا جو ٹورڈی فرانس میں شریک سائیکلنگ ٹیم کے ساتھ کام کر چکا ہے۔ آسٹریا کے ایک سکیئر کو جو ریس میں تیسری پوزیشن حاصل کر چکا ہے میڈل سے بھی محروم کر دیا گیا۔