بھارتی پروپیگنڈہ ناکام، پی ایس ایل کی مقبولیت نئی بلندیوں پر
لاہور (نمائندہ سپورٹس )بھارتی پروپیگنڈے کے باجود پاکستان سپر لیگ کی مقبولیت بڑھتی ہی جارہی ہے۔پی ایس ایل سے جہاں نیا ٹیلنٹ مل رہا ہے وہیں کرکٹ بھی پاکستان میں آرہی ہے۔ٹی وی ناظرین میں ایونٹ کی مقبولیت کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ پاکستان میں 50ملین افراد اس ایونٹ کو بیک وقت دیکھ رہے ہیں۔پاکستان سپر لیگ نے اس سال میڈیا اور براڈکاسٹ میں اگلے 3 سالوں کے لئے سب سے زیادہ بڈ حاصل کی اور سب کی نظروں میں آگئی۔پی ایس ایل کی شہرت اتنی پھیلی کہ آئی پی ایل منعقد کرنے والے بھارت کو بھی کھٹکنے لگ گئی۔آئی پی ایل اور بھارتی اسٹیبلشمنٹ پی ایس ایل پر نظر گاڑے بیٹھے ہیں،ان کے لئے یہ لیگ کمرشل تھریٹ بھی بن گیا، جس کو سبوتاژ کرنے کیلئے ٹی ٹین لیگ آئی لیکن ناکام ہوگئی۔پلوامہ اٹیک کے بعد پی ایس ایل کو خطے میں مزید نقصان پہنچانے کے لئے ڈی سپورٹس پر پابندی لگا دی جو کہ بھارت میں میچ دکھا رہا تھا۔ایک ایسے وقت میں جب ایونٹ کی لائیو اٹریم 10 ملین ویوز ہوگئی تھی، بھارتی براڈکاسٹ کمپنی نے 5 میچز بعد ہی ایونٹ کی ٹیلی کاسٹنگ سے ہاتھ کھینچ لئے لیکن پی ایس ایل کے فینز نے ایونٹ میں اپنی دلچسپی دکھا کر سب کو حیران کردیا۔قومی سپورٹس ٹی وی کیساتھ جیو سوپر پر لوگوں نے نہ صرف میچ لائیو سٹریم کیا بلکہ صرف 15 میچز میں 25 ملین ویوز اس ایونٹ کی دور تک پھیلی کامیابی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔