• news

موسم خراب‘ غیر ملکی لاپتہ کوہ پیما ئوں کی تلاش روک دی گئی

لاہور (نمائندہ سپورٹس)نانگا پربت سر کرنے کی کوشش کے دوران لاپتہ ہونے والے دو کوہ پیما ئوں کی تلاش کیلئے آپریشن خراب موسم کے باعث روک دیا گیا ہے۔ نانگا پربت اور ملحقہ پہاڑی سلسلوں میں شدید برفباری جاری ہے، جس کے باعث نانگا پربت کو سر کرنے کی کوشش میں جانے والے دو کوہ پیما ئوں کی تلاش کا کام روک دیا گیا ہے، لاپتہ کوہ پیما ئوں کا تعلق اٹلی اور برطانیہ سے ہے۔اس سرچ آپریشن میں نامور پاکستانی کوہ پیما محمد علی سدپارہ اور اطالوی کوہ پیما الیکس ٹیکسیکون شامل ہیں۔ چوبیس فروری کو نانگا پربت سر کرنے کی کوشش کے دوران دونوں کوہ پیما لاپتہ ہوگئے تھے۔واضح رہے کہ اٹھائیس فروری کو پاک فوج نے نانگا پربت پر پھنسنے والے دو کوہ پیما ئوں کو ریسکیو کرنے کیلئے ہیلی کاپٹرمہیا کیا تھا،پاکستان میں تعینات اطالوی سفیر نے تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ اطالوی کوہ پیما ئوں کو ریسکیو کرنے کیلئے پاک فوج نے ہیلی کاپٹرمہیاکردیا ہے، امید ہے ہیلی کاپٹر کچھ دیر میں کوہ پیما ئوں کو ریسکیوکرنے اڑان بھرلیگا۔ اطالوی سفیر سٹیفن پونٹیکوروو کا کہنا تھا کہ موسم ابرآلود ہے لیکن آپریشن کیاجاسکتاہے۔یاد رہے کہ نانگا پربت کا شمار دنیا کی نویں جب کہ پاکستان کی دوسری بلند چوٹی میں کیا جاتا ہے جس کی اونچائی 8126 میٹر ہے۔

ای پیپر-دی نیشن