کراچی میں مفت بریانی کھانے، دکاندار کا موبائل فون چھیننے پر دو پولیس اہلکار معطل
کراچی (آن لائن) شہر قائد میں مفت بریانی کھانے اور دکاندار کا موبائل فون چھیننے پر دو پولیس اہلکاروں کو معطل کردیا گیا۔بفرزون میں تیموریہ تھانے کے دو اہلکاروں دین محمد اور امین محمد بفرزون میں پکوان سینٹروں سے بریانی جمع کررہے تھے کہ اس دوران ایک پکوان سینٹر کے مالک نے مزاحمت کی جس پر اہلکاروں نے اس کا موبائل فون چھین کر اسے سنگین نتائج بھگتنے کی دھمکیاں دیں۔لوگوں کے جمع ہونے اور ویڈیو بنانے پر دونوں اہلکار موٹر سائیکل پر بھاگ نکلے۔ آئی جی سندھ نے واقعہ کا علم ہونے پر دونوں اہلکاروں کو معطل کردیا اور ایس ایس پی سینٹرل سے تفصیلی رپورٹ طلب کرلی۔شہریوں کا کہنا ہے کہ روزانہ پولیس اہلکار مفت میں بریانی لے جاتے ہیں جس سے وہ انتہائی پریشان ہیں۔