اوکاڑہ: کلہاڑی کے وار کر کے بہن اور اس کی سوتن کو قتل کر دیا، ایک گرفتار
اوکاڑہ (نامہ نگار) اوکاڑہ پولیس کے مطابق پٹھان کوٹ کے رہائشی بلال اور شمعون نے غیرت کے نام پر پسند کی شادی کرنے والی سگی بہن شہناز بی بی اور اس کی سوتن ساجدہ بی بی کو کلہاڑی کے وار کر کے موت کے گھاٹ اتار دیا۔ واضح رہے کہ مقتولہ شہناز نے 9 ماہ قبل احمد نواز سے پسند کی شادی کی تھی جبکہ اس کے شوہر احمد نواز نے اس سے قبل ساجدہ بی بی سے شادی کر رکھی تھی۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ دونوں بھائیوں نے غیرت کے نام پر احمد نواز کے گھر میں گھس کر اپنی بہن شہناز بی بی کو کلہاڑیوں کے وار کئے، اسی دوران احمد نواز کی پہلی بیوی ساجدہ بی بی اسے بچانے کے لیے آگے بڑھی تو انہوں نے اسے بھی وار کر کے قتل کر دیا اور موقع سے فرار ہو گئے۔ پولیس حکام نے بتایا کہ مقتولہ شہناز بی بی کے بھائی بلال کو گرفتار کر لیا گیا تاہم شمعون گرفتار نہیں ہو سکا۔