مودی نے منہ بند کرنے کیلئے 2 کروڑ بھیجے: اوی ڈنڈیا، نوٹوں کے بنڈلز کی ویڈیو جاری
نئی دہلی (وائس آف ایشیا، نوائے وقت رپورٹ) بی جے پی کے سابق لیڈر اور امریکی نژاد اوی ڈانڈیا ایک مرتبہ پھر خبروں کی زینت بن گئے۔ وہ ایک اور دعوی لے کر سامنے آگئے ہیں کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے ان کو منہ بند کرنے کیلئے 2 کروڑ روپے بھجوائے ہیں۔ اوی ڈانڈیا کی ایک اور ویڈیو منظر عام پر آگئی۔ اوی ڈانڈیا نے ایک لاکھ 40 ہزار ڈالر کے نوٹوں کے بنڈلز کی ویڈیو بھی جاری کردی۔ انہوں نے کہا کہ یہ بھارتی کسانوں اور فوجی جوانوں کا پیسہ ہے، ہمیں خریدنے کی کوشش مت کریں۔ مودی بھارتی عوام کا پیسہ لوٹ کر ہمیں خرید رہے ہیں۔ ادھر بھارتی رکن پارلیمنٹ دربک اوبرائن نے حکمران جماعت بی جے پی کے رہنمائوں پر تنقید کرتے کہا ہے کہ بی جے پی رہنما فوج کی وردی پہن کر ووٹ مانگتے پھر رہے ہیں۔ بی جے پی رہنما ہمارے جوانوں پر سیاست کرکے ان کی تذلیل کررہے ہیں۔