اولمپک کونسل آف ایشیا‘ عارف حسن یشین زون کیلئے بلا مقابلہ نائب صدر منتخب
لاہور(سپورٹس رپورٹر) پی او اے صدر لیفٹیننٹ جنرل (ر) سید عارف حسن اولمپک کونسل آف ایشیا کے چوتھی مرتبہ ایشین زون کیلئے بلا مقابلہ نائب صدر منتخب ہو گئے، اس سے قبل بھی او سی اے کی جانب سے سید عارف حسن کو ایشیا میں اولمپک موومنٹ کی خدمات پر ایشیا کے سب سے بڑے او سی اے میرٹ ایوارڈ سے نوازا گیا تھا۔ سید عارف حسن جو کہ بنکاک اجلاس میں شریک نہیں ہو سکے تھے ایسے میں ان کا نائب صدر کے عہدہ پر منتخب ہونا اس بات کی تصدیق کرتا ہے کہ ایشین ممالک کا ان پر مکمل اعتماد اور بھروسہ ہے۔پا کستان اولمپک ایسوسی ایشن کے سیکرٹری خالد محمود کا کہنا ہے کہ پی او اے صدر سید عارف حسن کے چوتھی مرتبہ او سی اے صدرمنتخب ہونے پر تمام اولمپک فیملی کی بہت خوشی ہے اور پاکستان کے لیے فخر کی بات ہے کہ ایشیائی ممالک کی جانب سے سید ارف حسن پر مکمل اعتماد کیا گیا ہے۔پی او اے صدر سید عارف حسن نے او سی اے صدر شیخ احمد الفہد الصبا کو بھی او سی اے کا صدر منتخب ہونے پر مبارکباد دیتے ہوئے، مستقبل میں ان کے لیے نیک تمناوں کا اظہار کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ شیخ الفہد الصبا کا پاکستان میں اولمپک موومنٹ کی حفاظت میں بہت بڑا کردار ہے۔ سید عارف حسن کا کہنا تھا کہ او سی اے صدر کی کوششوں سے ایشیا میں اولمپک موومنٹ کو تقویت ملی ہے جبکہ انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی میں بھی ایشیا کا نام روشن ہوا ہے۔