• news

نیشنل سٹیڈیم کراچی میں سکیورٹی ہائی الرٹ، کنٹرول رینجرز نے سنبھال لیا

لاہور+کراچی ( سپورٹس رپورٹر) پی ایس ایل فور کے میچز کی تاریخیں قریب آتے ہی حفاظتی انتظامات سخت کر دیئے گئے، نیشنل سٹیڈیم کراچی میں سکیورٹی ہائی الرٹ ہے اور کنٹرول سندھ رینجرز کے حوالے کر دیا گیا ہے۔پی ایس ایل کی تیاریاں عروج پر ہیں، انتظامی امور کے بعد سکیورٹی اقدامات بھی فائنل کر لئے گئے۔ نیشنل سٹیڈیم کراچی کی سکیورٹی سندھ رینجرز کے حوالے کر دی گئی ہے جس کے بعد نیم فوجی دستوں کی سٹیڈیم کے اندر اور باہر بھاری نفری تعینات کر دی گئی۔پولیس اور حساس اداروں کے اہلکار بھی رینجرز کے ساتھ ڈیوٹی انجام دیں گے، رینجرز کمانڈوز کے دستے بھی نیشنل سٹیڈیم پہنچا دیئے گئے ہیں۔ سٹیڈیم میں سکیورٹی چیکنگ کے آلات اور کنٹرول روم کا معائنہ بھی کیا جائے گا جو میچز کے انعقاد کی ریہرسل کے دوران ماہرین کی زیر نگرانی فائنل کیا جائے گا۔ کھلاڑیوں اور غیر ملکی مہمانوں کو فول پروف سکیورٹی فراہم کی جائے گی۔انسپکٹرجنرل سندھ کلیم امام کا کہنا ہے کہ سیزن فورکے میچزکے دوران سکیورٹی کوغیرمعمولی بنایاجائے گا اور مہمانوں کے سکیورٹی و پروٹوکول کویقینی بنایا جائے گا۔ مجموعی طورپر13 ہزار1 ایک سوبارہ پولیس افسران و اہلکارتعینات کیے جائیں گے اور ڈیزاسٹر مینجمنٹ سسٹم پر خصوصی فوکس کیاجائے گا۔ ایسٹ میں 7720، ساوتھ میں 2260 پولیس افسران اورجوان تعینات ہوں گے۔ ایس ایس یو کے565، ٹریفک کے1780 اورسپیشل برانچ کے788 جوان موجودہوں گے۔انہوں نے کہا کہ پولیس ریزرو پلاٹونزکو تیار رکھنے کیلئے بھی عملی اقدامات اٹھائے جائیں گے اور پولیس اپنے تجربے اورپیشہ وارانہ صلاحیت سے ایونٹ کو کامیاب بنائے گی۔پی ایس ایل4 کے دوران کراچی کیلئے خصوصی ٹریفک پلان بھی ترتیب دیا گیا ہے۔ سٹیڈیم میں پانچ پارکنگ ایریابنائے گئے ہیں، چار یونیورسٹی روڈ پراور ایک ڈالمیاروڈ پرہوگا۔میچ دیکھنے والوں کوپارکنگ سے شٹل سروس کے ذریعے سٹیڈیم تک پہنچایاجائے گا۔ کارساز سے حسن سکوائرتک، ملینم سے آغاخان گیٹ نمر 3 تک ٹریفک بند ہوگی۔ہسپتال جانے والے افراد نیوٹاون کٹ سے آغاخان اور لیاقت نیشنل جاسکیں گے۔ شارع فیصل اور راشد منہاس روڈ مکمل طورپربحال رہے گا۔ ہیوی ٹریفک کو لیاقت آباد، جیل چورنگی سے ہی موڑ دیاجائے گا۔پلان کے مطابق ایکسپو، حکیم سعید، جامعہ اردو، اتوار بازار اور ڈالمیا روڈ پرپارکنگ ایریاز ہوں گے۔ یونیورسٹی کے پارکنگ گراونڈ میں شٹل سروس ہوگی۔پی ایس ایل 4کے تمام میچز کے شہر قائدمیں انعقاد کی خبر کے ساتھ ہی صوبائی حکومت حرکت میں آگئی ہے۔ اتوار کو تعطیل کے باوجودسندھ سیکرٹریٹ میں محکمہ داخلہ‘ محکمہ بلدیات سمیت مختلف محکموں کے دفاتر معمول کے مطابق کھلے رہے جہاں پی ایس ایل میچز کے انتظامات کو حتمی شکل دی جاتی رہی۔ وزیر اعلیٰ ہاؤس اور آئی جی پولیس اور کراچی پولیس کے دفاتر میںپے در پے میٹنگز کا انعقاد ہوتا رہا جبکہ نیشنل سٹیڈیم میں کمانڈ اینڈ کنٹرول روم نے بھی اپنا کام شروع کر دیا جہاں لگائے گئے حساس کیمروں کی مدد سے رات کے اوقات میں بھی باآسانی مانیٹرنگ کی جا سکے گی۔پی ایس ایل ٹیموں کی سکیورٹی پر مامورکراچی پولیس کے خصوصی دستوں نے فل ڈریس ریہرسل کی جس کے دوران کھلاڑیوں کو ایئرپورٹ سے ہوٹل اور ہوٹل تا سٹیڈیم پہنچانے کے انتظامات کا مظاہرہ کیا گیا۔معرات کو سٹیڈیم کا باقاعدہ چارج سکیورٹی اداروں کے حوالے کردیا جائے گا۔ شہری اداروں کی جانب سے شہر خصوصاً سٹیڈیم کو جانیوالے راستوں کی صفائی اور اہم چوراہوں کی سجاوٹ کا کام بھی ہنگامی طور پر جاری ہے جہاں کھلاڑیوں کی قد آدم تصاویر اوردیگر آرائشی اشیا سے ان علاقوں کو خوبصورتی سے سجایا جارہا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن