• news

ملکی حالات نازک ورنہ حکومت کو مشکل میں ڈالنے کے لئے بہت کچھ کر سکتے ہیں: زرداری

لاہور( نامہ نگار )سابق صدر آصف علی زرداری نے کہاہے کہ ملک نازک دور سے گزر رہا ہے اس لئے ابھی ہم چپ ہیں۔ سیاست کرنے پر آئیں تو بہت اچھا کھیل سکتے ہیں۔ ملکی حالات اجازت نہیں دے رہی کہ پارٹی سیاست کریں۔ ہم نے پہلے بھی ملکی سلامتی کیلئے قربانی دی اوراب بھی دیں گے۔پنجاب میں سیاست بدلے گی، قائدین عوام کے ساتھ رابطے بڑھائیں۔ میں خود بھی جلد جنوبی پنجاب سے پنجاب کے دورے کا آغاز کروں گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے بلال ہاوس لاہور میں پارٹی عہدیداروں قمرزمان کائرہ، اسلم گل ،حسن مرتضی اور دیگرسے ملاقات میں کیا۔ذرائع کے مطابق آصف علی زرداری نے پارٹی عہدیداروں اور ملک کی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت صوبوں کے حقوق غصب کر رہی ہے۔ وفاق سندھ اور بلوچستان کے مالی وسائل نہیں دے رہا۔ پنجاب میں بھی اپوزیشن ارکان کو ایک نلکاتک نہیں دیا جا رہا۔ ملکی حالات نازک ہیں۔ حالات اجازت دیتے تو حکومت کو مشکل میں ڈالنے کیلئے بہت کچھ کر سکتے ہیں۔علاوہ ازیں سابق صدر آصف علی زرداری نے بلوچستان اور خیبر پی کے میں بارش اور سیلاب پر اظہار تشویش کرتے ہوئے انسانی جانوں کے نقصان پر اظہار افسوس اور ہلاک شدگان کے لواحقین سے ہمدردی کا اظہار کیا۔انہوں نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں سیلاب کے متاثرین کی مشکلات ختم کریں۔بعدازاں آصف علی زرداری لاہور سے اسلام آباد روانہ ہوگئے ۔

ای پیپر-دی نیشن