مسئلہ کشمیر حل کرنیوالا نوبل انعام کا حقدار ہو گا: عمران
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی+ نوائے وقت رپورٹ) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق مسئلہ کشمیر حل کرنے والا ہی نوبل انعام کا حق دار ہوگا۔ یاد رہے گرفتار بھارتی پائلٹ ابھی نندن کو رہا کرنے کے اعلان کے بعد ٹوئٹر صارفین کی جانب سے پرزور مطالبہ کیا جارہا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کو امن کا نوبل انعام دیا جائے جس کے لیے ٹوئٹر پر ہیش ٹیگ NobelPeacePrizeForImranKhan# ٹرینڈ کر رہا تھا۔ وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کی جانب سے ہفتے کے روز قومی اسمبلی سیکرٹریٹ میں قرارداد جمع کرائی گئی جس میں کہا گیا کہ عمران خان نے کشیدگی کم کرنے کے لیے دانش مندانہ کردار ادا کیا اور انہوں نے مہارت کے ساتھ اس صورتحال کو امن کی جانب موڑ دیا، امن کے لیے خدمات پر وزیراعظم عمران خان کو نوبل امن انعام دیا جائے۔ وزیراعظم عمران خان نے اس پر گزشتہ روز اپنے ٹوئٹر پیغام میں کہا کہ 'میں خود کو نوبل انعام کا مستحق نہیں سمجھتا، نوبل پرائز کا وہ حق دار ہوگا جو کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق مسئلہ کشمیر حل کرائے گا'۔وزیراعظم نے کہا کہ برصغیر میں انسانی ترقی اور امن کو راستہ د ینے والا نوبل پرائز کا صحیح اہل ہوگا۔ مزید برآں وزیراعظم عمران خان سے ملک بھر کے چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نمائندوں نے ملاقات کی، صدر کراچی چیمبر جنید نے کہا کہ اجلاس میں وفاقی حکومت کے وزراء اور مشیر شریک ہوئے۔ وزیراعظم نے اجلاس میں معاشی نمو بڑھانے پر مشاورت کی، چیمبر صدور نے نئی ایمنسٹی لانے کا مشوہ دیا ہے جنید مکڑا نے کہا کہ کراچی سب سے زیادہ ٹیکس دیتا ہے اس کی تعمیر پر خصوصی توجہ دی جائے۔ وزیراعظم کو فائلرز اور نان فائلرز کی تفریق سے پیدا مسائل سے آگاہ کیا گیا ہے۔ وزیراعظم نے چیمبر عہدیداروں سے اس حوالے سے تحریری تجاویز پیش کرنے کی ہدایت کی۔ حکومت نے ٹیکس دہندگان میں اضافے کا جامع منصوبہ لانے کا فیصلہ کیا ہے۔ علاوہ ازیں وزیر اعظم عمران خا ن نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کو ماڈل سٹی بنانے کے لئے اقدامات تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہاہے کہ انتظامیہ مستقبل کی ضروریات کے مطابق منصوبہ بندی کرے۔ وفاقی دارالحکومت کے ماسٹر پلان میں تبدیلی اور ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے وزیر اعظم عمران خان سے اسلام آباد کے ارکان قومی اسمبلی نے ملاقات کی۔ ملاقات میں وزیر خزانہ، وزیر صحت، معاون خصوصی علی نواز اعوان اور رکن اسمبلی راجہ خرم نواز جبکہ معاون خصوصی نعیم الحق اور کمشنر اسلام آباد عامر احمد علی نے بھی موجود تھے۔ اسلام آباد کے ماسٹر پلان کی تبدیلی کے لئے قائم کمیشن کی کارکردگی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر اعظم نے کہاکہ اسلام آباد دنیا کے خوبصورت شہروں میں سے ایک ہے۔ اسلام آباد کی خوبصورتی بڑھانے سمیت ترقیاتی منصوبوں کی رفتار تیز کی جائے۔ مقامی افراد کو صحت اور تعلیم کی معیاری سہولیات فراہم کرنا ہوں گی۔ علی اعوان نے بتایا کہ ماسٹر پلان کی تبدیلی پر کام تیزی سے جاری ہے، شہر کا موجودہ ڈھانچہ مکمل طور پر تبدیل کیا جا رہا ہے۔ علی اعوان نے سی ڈی کی کاکردگی سے بھی وزیراعظم کو آگاہ کیا۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ بے سہارا بچوں کو تعلیمی اداروں میں داخل کروایا جائے۔نجی ٹی وی کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ گیس کے اضافی بل بھیجنے کی تحقیقات کرائی تھیں جس سے پتا چلا کہ 30فیصد صارفین کو اضافی بل بھیجے گئے ، وزیراعظم نے کہا کہ اضافی بل کی رقوم صارفین کو واپس کرنے کی ہدایت کر دی ہے، وزیراعظم عمران خان سے وزیراعلیٰ خیبر پی کے محمود خان نے بھی پیر کو ملاقات کی، جس میں موجودہ سیاسی صورتحال سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، اس موقع پر صوبے میں امن و امان کی صورتحال اور ترقیاتی منصوبوں پر بھی بات چیت کی گئی۔