مودی کے اعصاب پر پاکستانی سوار، پھر حملے کی دھمکی، ائیر چیف بالاکوٹ ہلاکتوں کا جواب دینے میں ناکام
لاہور (نیوز ڈیسک، نوائے وقت رپورٹ) بھارتی وزیراعظم کے اعصاب پر پاکستان سوار ہوگیا۔ گجرات کے شہر جہانگیر میں جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے زبان کے پھسلنے سے اپنے شہر کوچی کو ’’کراچی‘‘ کہہ دیا تاہم فوراً غلطی کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ کراچی منہ سے اس لئے نکل گیا کیونکہ آج کل ان کے ذہن پر پاکستان سوار ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمسایہ ملک میں فضائی حملہ ضروری تھا۔ کیا ہمیں ایسا کرنا چاہئے تھا جس پر مجمع نے جواب دیا، ہاں۔ اس پر مودی نے ایک مرتبہ پھر زہر اگلتے ہوئے کہا کہ بھارت کو متاثر کرنے والی دہشت گردی کی جڑوں پر حملہ کرنے میں وہ نہیں ہچکچائیں گے۔ دوسری طرف خصوصی افراد (معذوروں) کی تنظیم نیشنل پلیٹ فارم فار رائٹس آف ڈس ایبلڈ نے ایک تقریر کے دوران معذور افراد کا تمسخر اڑانے پر نریندر مودی سے معافی مانگنے کا مطالبہ کردیا۔ تنظیم کے صدر روشن رائے نے کہا کہ ڈس لیشیا کے شکار معذور افراد کی آڑ میں سیاسی مخالفین کو نشانہ بنانا وزیراعظم کا شرمناک عمل ہے۔ یہ ایسے مریضوں کی توہین کے مترادف ہے اور مودی کی تنگ نظری کی عکاسی کرتا ہے۔ سوشل میڈیا پر بلاگر وبھائو شرما نے لکھا کہ مودی ایک واہیات انسان اور وزیراعظم ہے جسے انسانی معذوریوں اور مجبوریوں تک کا احساس نہیں۔ ادھر بھارتی فضائیہ کے سربراہ بی ایس دھانوے پریس کانفرنس کے دوران بالاکوٹ حملے میں ہلاکتوں کے سوالات پر کوئی ٹھوس جواب نہ دے سکے۔ بھارتی ایئر چیف کی پریس کانفرنس کے دوران صحافیوں نے بالا کوٹ حملے میں ہلاکتوں سے متعلق سوالات کی بوچھاڑ کر دی جس پر وہ انہیں مطمئن نہ کر سکے۔ ایئر چیف مارشل بی ایس دھانوے نے کہا کہ ہم ہدف کونشانہ بناتے ہیں‘ ہلاکتوں کی تعداد نہیں گنتے۔ہلاکتوں کی تعداد بتانا حکومت کا کام ہے۔ بھارتی فضائیہ حملے میں ہلاکتوں کی وضاحت دینے کی پوزیشن میں نہیں ہے۔ پاکستان کی جانب سے رہا کردہ پائلٹ ابھی نندن کے مستقبل سے متعلق پوچھے گئے سوال پر بھارتی ایئر چیف نے کہا کہ ابھی نندن دوبارہ طیارہ اڑا سکتے ہیں یا نہیں اس کا دارومدار ان کی میڈیکل فٹنس پر ہے۔ پریس کانفرنس کے دوران جب صحافیوں نے لڑاکا طیارے مگ 21 ہائسن کی صلاحیت سے متعلق سوالات کئے تو بھارتی فضائیہ چیف مگ 21 طیارے کا دفاع کرتے دکھائی دیئے۔ بی ایس دھانوے نے کہا کہ مگ 21 ہائسن قابل صلاحیت لڑاکا طیارہ ہے جسے اپ گریڈ کیا گیا ہے جس میں عمدہ راڈار سسٹم فضا سے فضا میں ہدف کے نشانہ بنانے کی صلاحیت سمیت جدید ہتھیاروںسے لیس ہے۔ بھارتی آرمی چیف نے کہا کہ ہم ستمبر میں رافیل طیارے اپنے بیڑے میں شامل کر لیں گے۔