• news

بچہ بچہ کشمیریوں کے ساتھ، عالمی ادارے دیرینہ تنازعہ حل کرائیں: سراج الحق

لاہور (خصوصی نامہ نگار)امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے پاکستان بھارت کشیدگی ، مقبوضہ کشمیر میں جماعت اسلامی پر پابندی ، رہنمائوںاور کارکنوں کی گرفتاریوں ، دفاتر کو سیل کیے جانے اور کارکنوں پر بھارتی فوج کے انسانیت سوز مظالم اور دیگر اقدامات پر غور کرنے کے لیے جماعت اسلامی پاکستان کا ایک غیر معمولی اجلاس 6 مارچ2019 ء کو منصورہ لاہور میں طلب کرلیاہے ، جس میں پروفیسر ابراہیم خان ، اسد اللہ بھٹو ، راشد نسیم ، ڈاکٹر فرید احمد پراچہ ، میاں محمد اسلم، سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ ، ڈپٹی سیکرٹری جنرل محمد اصغر ، حافظ ساجد انور ، اظہر اقبال حسن اور ترجمان جماعت اسلامی امیر العظیم شریک ہوں گے۔ پاکستان بھارت کشیدگی سے پیدا ہونے والی صورتحال اور مقبوضہ کشمیر میں جماعت اسلامی پر بلاجواز پابندی کے مضمرات پر غور کیا جائے گا ۔سینیٹر سراج الحق کل لائن آ ف کنٹرول کا دورہ کریں گے ۔سینیٹر سراج الحق شہدا کے اہل خانہ اور متاثرین سے ملاقاتیں کریں گے ۔قیصر شریف کے مطابق سراج الحق شہدا کے لواحقین سے اظہار تعزیت اور زخمیوں کی عیادت کریں گے اور بھمبر ، سماہنی ، بنڈالہ اور پونا سماہنی کا دورہ کریں گے ۔ ادھر آن لائن کے مطابق سراج الحق نے پشاور میں کہا ہے کہ بھارت کی سیاسی قیادت اس وقت تقسیم ہے جب کہ پاکستان کے تمام سیاسی جماعتیں اور عوام متحد اور ملک کے حفاظت کے لیے یک جاں ہیں اور تمام اختلافات کو بالاطاق رکھ متحد ہیں۔پاکستان کے عوام اور بچہ بچہ کشمیریوں کے ساتھ ہے اور زندگی کے آخری لمحے اور خون کے آخری قطرے تک کشمیریوں کے ساتھ رہیں گے ۔ بڑا مسئلہ کشمیر ہے جس کو حل کیے بغیر پاکستان اور بھارت کے تعلقات بہتر نہیں ہوسکتے ۔ 70 سال سے زائد عرصہ گزرچکا لیکن کشمیری عوام آج تک بھارتی مظالم کے خلاف بر سرپیکار ہیں ۔بین الاقوامی ادارے اور ممالک کشمیر کے مسئلے کے حل کے لیے اپنا کردار ادا کریں ۔خیبرپختونخوا کے عوام نے وطن کی خاطر بے پناہ قربانیاں دی ہیں اور 1948 میں دیر کے عوام نے کشمیر کے آزادی کے لیے جدوجہد میں حصہ لیا۔

ای پیپر-دی نیشن