• news

قائمہ کمیٹیوں کی تشکیل ، سندھ اسمبلی میں اپوزیشن کا ہنگامہ ، سپیکر سے جھرپ ، واک آئوٹ

کراچی (نوائے وقت رپورٹ) سندھ اسمبلی میں قائمہ اور بزنس کمیٹیوں کی تشکیل کے معاملے پر اپوزیشن لیڈر فردوس شمیم نقوی کے پوائنٹ آف آرڈر پر ہنگامہ ہو گیا۔ سپیکر سندھ اسمبلی اور پی ٹی آئی ارکان کے درمیان جھڑپ سے ہوئی۔ سپیکر آغا سراج درانی نے کہا کہ جتنے چاہیں طبلے بجائیں کچھ نہیں ہوگا۔ اپوزیشن نے واک آؤٹ کیا اور ایوان کے باہر بھی احتجاج کیا۔ اپوزیشن لیڈر فردوس نقوی نے کہا کہ چھ ماہ ہو گئے اب تک قائمہ اور بزنس کمیٹیاں نہیں بنائی گئیں حیلے بہانے سے کام لیا جا رہا ہے پی اے سی کی چیئرمین شپ اپوزیشن کو نہ دی تو احتجاج کریں گے ایوان کا بائیکاٹ کریں گے۔ اپوزیشن نے ایوان میں ہنگامہ آرائی کی۔ سپیکر نے کہا اگر آپ ہنگامہ آرائی کا سوچ کر آئے ہیں تو آپ کی مرضی، قائمہ کمیٹیوں کیلئے الیکشن ہوتے ہیں آپ شور مچائیں کچھ نہیں ہوگا۔ اپوزیشن ارکان ڈیسک بجاکر احتجاج کرتے رہے اور اسمبلی سے واک آؤٹ کر گئے۔ سعید غنی نے کہا کہ رولز ریگولیشن میں درج ہے کہ کمیٹیوں کیلئے الیکشن ہوتے ہیں اپوزیشن آٹھ کمیٹیاں مانگ رہی ہے۔ وہ خواہش تو کر سکتے ہیں لیکن ہم ماننے کے پابند نہیں۔ قائمہ کمیٹیاں ہماری مرضی کی ہوں گی اپوزیشن کو پی اے سی کی چیئرمین شپ نہیں دیں گے۔

ای پیپر-دی نیشن