تاجروں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں گے : اکرم چودھری
لاہور(نیوزرپورٹر) مشیر وزیر اعلی پنجاب برائے سیاسی امورو کنوینر ٹاسک فورس برائے پرائس کنٹرول محمد اکرم چوہدری سے لاہورکی تاجر برادری نے وزیراعلی آفس میں ملاقات کی ۔تاجر برادری کی جانب سے مشیر وزیراعلی کو مسائل سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا گیا کہ مارکیٹوں میں پارکنگ کا مناسب انتظام نہ ہونے کی وجہ سے عوام کو ٹریفک کے مسائل درپیش ہیںجس کی وجہ سے ان کا کاروبار متاثر ہوتا ہے۔اسی طرح مارکیٹوں اور بازاروں میں صفائی کے انتظامات انتہائی ناقص ہونے کی وجہ سے عوام کو مزید مشکلات کاسامنا کرنا پڑتا ہے ۔انہوںنے مشیر وزیراعلی کو بتایا کہ بازاروں میں نکاسی آب کی صورتحال بھی تشویشناک ہے جس پر اکرم چوہدری نے تاجر برادری کو یقین دلایا کہ ان کے تمام مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں گے اور حکومت ان کو پوری رہنمائی بھی فراہم کرے گی۔ب میں سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے ضروری اقدام کئے جائیں گے۔مشیر وزیر اعلیٰ نے کہا کہ آپ سے مشاورت کا سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا۔ملاقات کرنے والوں میں صدر اکبری منڈی محبوب انور، صدر ڈبی بازار رفیق صدیق، صدر پاکستان کلاتھ مارکیٹ ہمایوں میر، چیئرمین کشمیری بازار اعظم مارکیٹ ملک محمد اشرف،نائب صدر کشمیری بازار اعظم مارکیٹ میاں محمد اعجازو دیگر تاجر جن میں خواجہ یوسف، سید فیصل غزنوی، راجہ رضا اور حاجی عبدالرزاق شامل تھے۔