میگا منی لانڈرنگ کیس: زرداری اور فریال کی ضمانت میں 11مارچ تک توسیع
کراچی(آن لائن)کراچی کی بینکنگ کورٹ نے میگا منی لانڈرنگ کیس میں شریک چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی آصف علی زرداری اور ان کی ہمشیرہ فریال تالپور سمیت دیگر ملزمان کی ضمانت میں 11 مارچ تک توسیع کردی ہے۔منگل کے روز کراچی کی بینکنگ کورٹ میں میگا منی لانڈرنگ کیس کی سماعت ہوئی، جس میں آصف زرداری عدالت میں پیش نہیں ہوئے ،تاہم فریال تالپور دیگر ملزمان کے ہمراہ سخت سیکیورٹی میں عدالت کے روبرو پیش ہوئیں۔ ملیر جیل پولیس نے انور مجید کا میڈیکل سرٹیفکیٹ عدالت میں پیش کیا اور موقف اختیار کیا کہ انور مجید کی طبیعت ناساز ہے، ڈاکٹرز نے سفر کرنے سے منع کیا ہے، ڈاکٹرز نے انور مجید کا میڈیکل سرٹیفکیٹ دیا ہے۔دوران سماعت تفتیشی افسر کی جانب سے کیس میں ہونے والی پیشرفت سے عدالت کو آگاہ کیا گیا جبکہ عدالت نے ملزمان کو کیس اسلام آباد منتقل کرنے کی درخواست کی نقول فراہم کردیں۔ عدالت نے سماعت 11 مارچ تک ملتوی کرتے ہوئے آصف علی زرداری اور فریال تالپور کی ضمانت میں آئندہ سماعت تک توسیع کردی۔