• news

مقبوضہ کشمیر: مزید 2 نوجوان شہید، جماعت اسلامی پر پابندی، دفعہ 35 کی ممکنہ منسوخی کیخلاف ہڑتال، مظاہرے

سری نگر(کے پی آئی)مقبوضہ کشمیر کے ضلع پلوامہ میں بھارتی فوج نے ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائی میں دو کشمیری نوجوانوں کو شہید کر دیا۔ پلوامہ میں ترال کے میر محلہ کا سپیشل آپریشن گروپ ایس او جی ، بھارتی فو ج کی 42 راشتریہ رائفلزآر آر اور 180سی آر پی ایف نے محاصرہ کرلیا تھا۔ ترال کے میر محلہ میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائی کے دوران نوجوانوں کو شہید کیا۔ اطلاعات کے مطابق بھارتی فوج نے ایک رہائشی مکان کو بارود سے اڑادیا جس کے ملبے سے بعد میں دو نعشیںبر آمد کی گئیں۔ بھارتی فوجی کارروائی میں ایک عام شہری، فاروق احمد بھی زخمی ہوگیا جس کو سرینگر منتقل کیا گیا ہے۔ ادھرجنوبی کشمیر کے شوپیاں ، کولگام اور پلوامہ اضلاع میں فورسز نے بڑے پیمانے پر فوجی آپریشن شروع کر دیا ہے۔ کولگام کے محمد پورہ اور لون محلہ بوگام گائوں کو محاصرے میں لے کر فورسز نے فرار ہونے کے تمام راستوں پر پہرے بٹھا دئیے ۔ کئی رہائشی مکانات کی تلاشی لی گئی جبکہ سیب کے باغات کو بھی کھنگالا گیا ۔کئی گھنٹوں تک ملنگ پورہ پلوامہ گائوں میں تلاشی لی گئی ۔ ادھر شوپیاں میں بھی فورسز نے کئی علاقوں کا محاصرہ کیا اور گھر گھر تلاشی لی جس دوران مکینوں سے پوچھ تاچھ کی گئی ۔ دوسری جانب جماعتاسلامی پر پابندی آرٹیکل 35 کے خاتمے کی کوشش کے خلاف شٹرڈان ہڑتال کی گئی۔ تاجروں نے کاروبار معطل رکھا جبکہ ٹرانسپورٹ کاسلسلہ بھی معطل رہا۔ پریس کالونی میں جموں و کشمیر اکنامک الائنس کی طرف سے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ ہاتھوں میں بینر اور پلے کارڈز لیے احتجاج میں شامل شرکا نے حکومت کے اس فیصلے کے خلاف نعرہ بازی کی۔ بھارتی فوج نے فوجی کیمپوں، پولیس سٹیشنوں اور بینکروں کے نزدیک گاڑیاں پارک کرنے پر پابندی لگا دی ہے۔ پلوامہ حملے کے بعد بھارتی وزارت داخلہ نے نئی ایس او پی بنائی جس کے تحت فوجی تنصیبات، پولیس سٹیشنوں اور پولیس آفیسران کے دفاتر کے باہر کسی گاڑی کھڑی کرنے کی اجازت نہیں ہو گی۔ بھارتی فوج نے سری نگر کے بمنہ علاقے میں زیرتعمیر ہسپتال پر قبضہ کر لیا ہے۔ بمنہ میں زیرتعمیر زچہ و بچہ ہسپتال کی عمارت پرسرحدی حفاظتی فورس بی ایس ایف، آئی ٹی بی بی اور ایس ایس بی نے قبضہ کر کے مورچے بنا لیے ہیں۔ کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا (مارکسسٹ) سی پی آئی ایم نے انکشاف کیا ہے کہ بی جے پی اور آر ایس ایس نے دہشت گردی کے خلاف لڑائی کو مسلمانوں اور کشمیریوں کے خلاف لڑائی میں تبدیل کرنے کا منصوبہ بنا لیا ہے۔ بھارتی اخبارات کے مطابق سی پی ایم جنرل سیکرٹری سیتا رام یپوری نے کہا کہ بی جے پی اور آر ایس ایس کی طرف سے منصوبہ بند کوشش ہے کہ پلوامہ حملہ کے بعد جنونی قوم پرستی کو ابھارا جائے اور حکومت نے دہشت گردی کے خلاف لڑائی کومسلمانوںاور کشمیریوں کے خلاف لڑائی میں تبدیل کر دیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن