مسعود اظہر کے بیٹے، بھائی سمیت کالعدم تنظیموں کے 65 کارکن گرفتار
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+ ایجنسیاں) وزارت داخلہ کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ سکیورٹی اداروں نے کارروائی کرتے ہوئے جیش محمد کے سربراہ مسعود اظہر کے بھائی مفتی عبدالرئوف ا ور بیٹے حماد اظہر سمیت کالعدم تنظیموں کے 65کارکنوں کو حراست میں لے لیا گیا ہے ، وزارت داخلہ کے بیان میں مزید بتایا گیا ہے کہ نیشنل ایکشن پلان کو لاگو کرنے کے حوالے سے وزارت داخلہ میں اعلی سطح کا ایک اجلاس ہوا جس میں ان گرفتاریوں کا فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس میں یہ فیصلہ بھی کیا گیا کہ گرفتاریوں کا سلسلہ رکھا جائے۔ اس کے علاوہ کالعدم تنظیموں کے اثاثے بھی ضبط کیے جائیں گے۔ وزیر مملکت برائے داخلہ شہریار آفریدی اور سیکرٹری داخلہ سلیمان خان نے مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مذکورہ اقدامات کے حوالے سے تصدیق بھی کی۔ میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے سلیمان خان نے کہا کہ ہم یہ تاثر نہیں دینا چاہتے کہ یہ کارروائی صرف ایک تنظیم کے خلاف کی جا رہی ہے۔ یہ بھی بتایا ہے کہ مسعود اظہر کی گرفتاری بھی زیر غور ہے۔ جبکہ جماعت الدعوۃ اور فلاح انسانیت کو کالعدم قرار دیدیا گیاہے اوراس کی سمری کی بھی منظوری دیدی گئی ہے۔ انہوں نے اعتراف کیا کہ جن افراد کو گرفتارکیا گیا ہے ان کے نام پلوامہ حملے پر بھارت کی جانب سے دیے جانے والے ڈوزئیر میں شامل ہیں، تاہم ان کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ ان افراد کی گرفتاری کو ڈوزئیر سے جوڑنا بالکل غلط ہے۔ سیکرٹری داخلہ نے بتایا کہ گرفتار ہونے والے افراد میں کالعدم جیش محمد کے سربراہ مولانا مسعود اظہر کے بھائی حماد اظہر اور بہنوئی مفتی عبدالرئوف شامل ہیں۔ وزیر مملکت برائے داخلہ شہریار آفریدی نے کہا ہے کہ کارروائیاں کسی دبائو کا نتیجہ نہیں، پاکستان کا اپنا فیصلہ ہے۔ ہر 6ماہ بعد پاکستان کے خلاف الزام تراشی نہیں چاہتے۔ سیکرٹری داخلہ نے کہا ہے کہ کالعدم تنظیموں کیخلاف کارروائی 2ہفتے چلے گی، ان تنظیموں کے اثاثے بھی تحویل میں لیں گے، آج فلاح انسانیت اور جماعت الدعوۃ بھی کالعدم قرار دے دی جائے گی۔ بھارتی ڈوزئیر میں پلوامہ حملے سے متعلق کوئی ٹھوس ثبوت نہیں تھا۔ ذرائع وزارت داخلہ کے مطابق بھارت سے بھیجے گئے ڈوزئیر میں مسعود اظہر کا نام بھی شامل ہے۔ داخلہ، سکیورٹی حکام نے مسعود اظہر کی حراست کا معاملہ وزیراعظم کے سپرد کر دیا۔ 24گھنٹوں میں اس حوالے سے فیصلہ کیا جائے گا، ان کی گرفتاری کرنے یا نہ کرنے کا حتمی فیصلہ وزیراعظم ہی کریں گے۔کالعدم تنظیموں سے تعلق رکھنے والے افراد کو قومی دھارے میں لانے کیلئے انہیں ہنر مند بنایا جائے گا۔ انہیں معقول روز گار فراہم کیا جائے گا۔ نیشنل ایکشن پلان کے مطابق کسی شخص کو دوسرے ملک کے حوالے نہیں کیا جائے گا۔ستراہ سے نامہ نگار کے ملک بھر میں کالعدم تنظیموں کیخلاف جاری آپریشن کے دوران ڈسکہ کے علاقہ منڈیکی میں قائم کالعدم تنظیم کے مرکز کو حکومت نے تحویل میں لے کر سیل کردیا۔ حکومت پنجاب نے صوبہ بھر میں کالعدم تنظیموں کیخلاف جاری آپریشن کے دوران ڈسکہ کے علاقہ منڈیکی میں قائم کالعدم تنظیم کے مرکز کو اپنی تحویل میں لے کر سیل کردیا مرکز کا انتظام محکمہ اوقاف کے حوالہ کیا جائے گا۔