• news

یونیفارم تبدیلی کی منظوری، نظام میں اصلاحات کر کے پولیس کو عوامی بنائیں گے: عثمان بزدار

لاہور(نیوز رپورٹر+نامہ نگار )وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے سنٹرل پولیس آفس کا دورہ کیا۔پولیس خدمت مراکز کی موبائل ایپلی کیشن کا افتتاح کیا۔شکایت سنٹر میں شہریوں کی شکایات کے ازالے کے نظام کا تفصیلی جائزہ لیااورطریقہ کار کے بارے میںدریافت کیا۔وزیر اعلیٰ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ خدمت مراکز کی موبائل ایپلی کیشن کے ذریعے شہریوں کو سہولت ملے گی اوروہ 14خدمات کے بارے میں اپ ڈیٹ حاصل کرسکیںگے۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کی شکایات کا آن لائن ازالہ اچھا اقدام ہے، شکایت سنٹر کو 24 گھنٹے آپریشنل رکھنے کا جائزہ لیا جائے۔وزیراعلیٰ عثمان بزدارنے مانیٹرنگ روم کا بھی دورہ کیا اورمانیٹرنگ روم میں جدید نظام کے ذریعے جرائم کی روک تھام کیلئے میکانزم کا جائزہ لیااور کہا کہ مانیٹرنگ روم کے ذریعے پنجاب پولیس نے اپنے نظام کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کیا ہے۔ بعد ازاںوزیراعلیٰ کی زیرصدارت سی پی او آفس میںپولیس افسروں کا اجلاس منعقد ہوا۔ وزیراعلیٰ نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پولیس کو عوام کی امنگوں پر پورا اترنا ہے۔ صوبے میں امن عامہ کی فضا کو بہتر بنانے کیلئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے۔ پولیس کمپلینٹ اتھارٹی اور صوبائی سیفٹی کمیشن بھی قائم کئے جائیں گے۔پولیس کی تربیت کیلئے ڈیرہ غازی خان، سرگودھا، ساہیوال اور بہاولپور میں نئے ٹریننگ سنٹرز بنیں گے۔نئے ٹریننگ سنٹرز پر کام کا آغاز اگلے مالی سال سے ہوگا۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ پولیس کی پرانی گاڑیوں کی جگہ نئی گاڑیاں خریدنے کیلئے قابل عمل طریقہ کار کا ماڈل وضع کیا جائے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے پولیس یونیفارم تبدیل کرنے کی منظوری دے دی۔نئے مالی سال سے پولیس کی یونیفارم تبدیل ہو جائے گی۔نئی یونیفارم میں پینٹ ڈارک بلیواور شرٹ بلیو ہوگی۔ اجلاس میں موجودہ صورتحال کے پیش نظر پاکستان کی بہادر مسلح افواج کیساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا گیا۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ پولیس کے افسر اور اہلکار اپنی دلیر افواج کیساتھ کھڑے ہیں۔پولیس نظام میں اصلاحات لا کر اسے عوامی پولیس بنائیں گے اورپنجاب پولیس پورے پاکستان میں رول ماڈل بنے گی۔ پولیس کو اپنے رویوں کو بہتر بنا کر عوام کو تبدیلی کا احساس دلانا ہے۔پولیس کو سائلین سے عزت و احترام سے پیش آنا چاہیئے۔ پنجاب حکومت پولیس کے افسروں اور اہلکاروں کے عزت و احترام میں کمی نہیں آنے دے گی۔وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ محکمہ پولیس ہفتہ خوش اخلاقی منائے اور میں خود آپ کیساتھ سڑک پر کھڑا ہو کر ہفتہ خوش اخلاقی میں شرکت کروں گا ۔تھانوں اور دفاتر میں اوپن ڈور پالیسی پر سختی سے عملدرآمد کیا جائے۔عثمان بزدار نے بھارتی آبدوز کا سراغ لگانے پر پاک بحریہ کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پاک بحریہ نے بھارتی آبدوز کا سراغ لگا کر دشمن پر اپنی صلاحیت کی دھاک بٹھا دی ہے اور پاک بحریہ نے بھارتی نیوی کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن