بھارت سے جنگ کا خطرہ اب بھی موجود ہے: صدر علوی
لاہور )کامرس رپورٹر( صدر پاکستان عارف علوی نے کہا ہے کہ سازگار کاروباری ماحول کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ حکومت غربت کے خاتمہ، ماحولیاتی تحفظ، انسانی وسائل میں سرمایہ کاری، ایس ایم ایز اور خصوصاً زراعت پر بھی توجہ دے رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور چیمبر آف کامرس کے ایمبیسڈر ڈنر- 2019ء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ صدر عارف علوی نے کہا کہ حکومت پاکستان کی جانب سے مختلف ملکوں کے ساتھ دو طرفہ آزاد تجارتی معاہدوں کیلئے بات چیت جاری ہے تاکہ پاکستانی مصنوعات کی مختلف ملکوں کی مارکیٹوں تک رسائی یقینی بنائی جا سکے۔ سیفٹا اور جی پی ایس پلس سکیم کے تحت ، جنوبی ایشیا اور یورپی ممالک میں پاکستانی برآمدات میں اضافے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم اپنی صلاحیتوں اور چیلنجز سے پوری طرح آگاہ ہیں۔ قانون کی بالادستی، کاروبار دوست ماحول کی فراہمی، زرعی اور صنعتی ترقی، تعلیم، روزگاراور معا شی ترقی کیلئے ہمیں مل کر کام کرنا ہو گا۔ اگر اس سب میں آج ہمیں دشواری کا سامنا ہے تو ہمیں اس بات پر یقین رکھناچاہیے کہ ہمارا آنے والے کل بہتر ہو گا۔ صدر لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری الماس حیدر نے کہا کہ ایمبیسڈرز ڈنر کا بنیادی مقصد پاکستان میں تعینات غیر ملکی مشن کے سربراہوںکے ساتھ معاشی تعلقات کومضبوط کرنا اور ان کے ساتھ قریبی اور گہرے روابط قائم کرنا ہے۔ اسلام آبادسے صباح نیوزکے مطابقصدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا ہے کہ بھارت سے جنگ کا خطرہ اب بھی موجود ہے اور اگر جنگ مسلط کی گئی تو بھرپور دفاع کریں گے۔نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے صدر پاکستان نے کہا کہ کشیدگی میں کمی دیکھنے میں آئی ہے، پاکستان جنگ نہیں چاہتا تاہم اگر مسلط کی گئی تو اپنا بھرپور دفاع کریں گے جب کہ کشمیر میں جو کچھ ہورہا ہے، وہ بھارت اوراسرائیل کی ملی بھگت سے ہورہا ہے۔