• news

آسٹریلیا کے خلاف ون ڈے سیریز قومی ٹیم کا اعلان رواں ہفتے ہوگا

لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس) آسٹریلیا کے خلاف امارات میں کھیلی جانے والے ایک روزہ میچوں کی سیریز کے لیے پاکستان ٹیم کا اعلان رواں ہفتے کیا جائے گا۔ قومی سلیکشن کمیٹی نے پی ایس ایل میں کھلاڑیوں کی کارکردگی کا جائزہ لینے اور کپتان سرفراز احمد، ہیڈ کوچ مکی آرتھر کے ساتھ اپنی مشاورت مکمل کر لی ہے۔ ذرائع کے مطابق قومی سلیکشن کمیٹی کا حتمی اجلاس جمعہ کو نیشنل سٹیڈیم کراچی میں ہوگا۔ اجلاس میں رواں سال انگلینڈ میں ہونے والی عالمی کپ کو مد نظر رکھتے ہوئے آسٹریلیا کے خلاف امارات میں کھیلی جانے والی ہوم سیریز میں بعض کھلاڑیوں کو آرام دینے کے بارے میں غور کیا جائے گا جس میں کپتان سرفراز احمد کا نام بھی شامل ہے تاہم سرفراز احمد نے کینگروز کے خلاف سیریز میں آرام کر نے کی تجویز مسترد کرتے ہوئے سیریز میں حصہ لینے کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔ سلیکشن کمیٹی آسٹریلیا کے خلاف سیریز میں پی ایس ایل میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے احمد شہزاد، وقاص مقصود اور عمر اکمل کے ناموں پر بھی غور کر رہی ہے تاہم نوجوان بلے بازوں عابد علی اور سعد علی کو موقع دیئے جانے کا امکان ہے۔ دوسری جانب ناقص پرفارمنس پر فاسٹ باولر محمد عامر کو ڈراپ کئے جانے کا امکان ہے۔ فہیم اشرف، حسین طلعت، فخر زمان اور بابر اعظم کو بھی سیریز کے دو سے تین میچوں میں آرام کروانے کی تجویز زیر غور ہے۔ لوئر مڈل آرڈر میں بلے بازآصف علی کو موقع مل سکتا ہے جبکہ وکٹ کیپر بیٹسمین محمد رضوان کو بھی سولہویں کھلاڑیوں کے طور پر سکواڈ کے ساتھ رکھنے جانے کا امکان ہے۔

ای پیپر-دی نیشن