• news

افضل کوہستانی کو دھمکیوں والی وڈیو سامنے آ گئی‘ بھتیجا گرفتار

ایبٹ آباد (آن لائن) ایبٹ آباد میں فائرنگ کے نتیجے میں قتل ہونے والے افضل کوہستانی کی قتل سے پہلے کی ویڈیو سامنے آ گئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق ویڈیو پیغام میں افضل کوہستانی کا کہنا تھا کہ کوہستان ویڈیو سکینڈل کیس میں پولیس نے ڈرامائی رپورٹ پیش کی، مجھے قتل کی دھمکیاں مل رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میرے اہل خانہ کو بھی قتل کی دھمکیاں دی جا رہی ہیں۔7 سال اس کیس میں گزر گئے لیکن مجھے انصاف نہیں ملا۔ دوسری جانب وزیراعلی خیبرپختونخواہ محمود خان نے ویڈیو سکینڈل کے مرکزی کردار افضل کوہستانی کے قتل کا نوٹس لے لیا۔ وزیراعلی خیبر پی کے محمود خان نے افضل کوہستانی کے قتل کے واقعہ کی رپورٹ آئی جی سے طلب کر لی اور کہاکہ افضل کوہستانی کے قتل کے ذمہ داران کو انصاف کے کٹہرے میں لا کر انجام تک پہنچایا جائے گا۔ دریں اثناء افضل کوہستانی کے قتل کے الزام میں مقتول کے بھتیجے کو گرفتار کر لیا۔ اس حوالے سے پولیس نے دعویٰ کیا کہ افضل کوہستانی کے بھتیجے فیض الرحمنٰ کے قبضے سے قتل میں استعمال ہونے والی پستول بھی برآمد کر لی۔

ای پیپر-دی نیشن