سعودی وزیرخارجہ کی وزیراعظم، آرمی چیف، شاہ محمود سے ملاقاتیں، تعاون کی یقین دہانی
اسلام آباد(سٹاف رپورٹر/نمائندہ خصوصی)سعودی وزیر مملکت برائے خارجہ امور عادل الجبیر نے پاکستان اور بھارت کے درمیان تصفیہ طلب امور کو پر امن طریقے سے حل کروانے کے سلسلے میں سعودی حکومت کی طرف سے مکمل اور بھرپور تعاون کا یقین دلایا ہے۔ عادل الجبیر جمعرات کے روز اسلام آباد پہنچے ہیں جہاں انہوں نے وزیر اعظم عمران خان اور وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے ملاقاتیں کیں۔ وزیر اعظم کے ساتھ ملاقات کے موقع پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، مشیر تجارت عبدالزاق دائود اور خارجہ سیکرٹری بھی موجود تھیں۔ دفتر خارجہ کے بیان میں بتایا گیا ہے کہ سعودی عرب کے وزیر مملکت برائے خارجہ امور عادل الجبیر کے وزارت خارجہ پہنچنے پر وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے اپنے سعودی ہم منصب کا خیر مقدم کیا۔ دوران ملاقات خطے میں امن و امان کی صورتحال سمیت دو طرفہ باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔سعودی وزیر مملکت برائے خارجہ امور کا یہ دورہ پاکستان سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے حالیہ دورہ پاکستان کا فالو اپ وزٹ ہے۔ دونوں وزرائے خارجہ نے پاک سعودی سپریم رابطہ کونسل کے تحت دو طرفہ اقتصادی، سیاسی اور سیکورٹی سے متعلقہ تعاون کو فروغ دینے سے متعلق طے کردہ امور کو معینہ مدت کے اندر پایہ ئ تکمیل تک پہنچانے پر اتفاق کیا۔سعودی وزیر مملکت برائے خارجہ امور عادل الجبیر نے وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کو دونوں ممالک کے درمیان تصفیہ طلب امور کو پر امن طریقے سے حل کروانے کے سلسلے میں سعودی حکومت کی طرف سے مکمل اور بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔ وزیراعظم عمران خان سے سعودی وزیر خارجہ عادل الجبیر کی ملاقات کا اعلامیہ بھی جاری کردیا گیا۔ وزیراعظم نے پاکستانی قیدیوں کی رہائی کے فیصلے پر سعودی حکومت کا شکریہ ادا کیا۔ وزیراعظم نے حج کوٹہ میں اضافہ کے سعودی حکومت کے اقدام کو سراہا۔ وزیراعظم نے کہا کہ پرامید ہیں۔ سعودی عرب تمام فیصلوں پر بروقت عمل کرے گا۔ سعودی ولیع ہد محمد بن سلمان نے پاکستانیوں کے دل جیت لئے۔ وزیر اعظم کا دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعاون پر اطمینان کا اظہار کیا۔ سپریم کوآرڈی نیشن کونسل کے قیام سے روابط مزید مضبوط ہوں گے۔ عادل الجبیر نے شاہ سلمان اور سعودی ولی عہد کی جانب سے پاکستانی عوام کیلئے نیک تمنائوں کا پیغام پہنچایا۔ پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے سعودی عرب کے وزیر مملکت برائے امور خارجہ عادل الجبیر نے گزشتہ شام آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق دوران ملاقات ، باہمی دلچسبی کے امور، خطہ میں سلامتی کی صورتحال اور پاک بھارت کشیدگی سے پیدا شدہ حالات پر تبادلہ خیالات کیا گیا۔ سعودی وزیر خارجہ نے خطہ میں پائیدار امن کے قیام کیلئے پاکستان کے مثبت کردار کی تعریف کی اور پاکستان کیلئے سعودی عرب کی حمائت کا اعادہ کیا۔ آرمی چیف نے ان مشکل حالات میں سعودی عرب کی امن کوششوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب پاکستان کا سچا دوست ہے۔