• news

چینی قیادت اور عوام نے سچے دوست کی طرح پاکستان کا ساتھ دیا: شہباز شریف

لاہور (نیوز رپورٹر) شہباز شریف سے چین کے قونصل جنرل لانگ ڈنگ بن کی لاہور میں ملاقات ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ چین اور پاکستان سدا بہار آزمودہ دوست اور سٹریٹجک شراکت دار ہیں۔ دونوں ممالک کی دوستی وقت کی ہر آزمائش پر پوری اتری۔ عالمی سطح پر حالات کچھ بھی ہوں‘ پاک چین دوستی آگے ہی بڑھتی رہی ہے۔ چین پاکستان اقتصادی راہداری کی ترقی کی صورت میں دونوں ممالک کا مختلف شعبوں میں تعاون عوامی مفاد میں ہے۔ سی پیک سے عوامی سطح پر روابط کو فروغ اور عوام کا معیار زندگی بہتر ہو گا‘ زراعت اور صنعتی پارکس قائم ہوں گے۔ صنعتی پارکس کے قیام سے مستقبل کی راہداری کی تعمیر پر توجہ مرکوز کی گئی۔ کمیونسٹ پارٹی چین پاکستان کی تمام سیاسی جماعتوں سے دوستانہ اور تعاون پر مبنی تعلقات استوار کرنے کی خواہاں ہے۔ سی پیک کی ترقی اور فروغ سے دونوں ممالک کے درمیان روایتی دوستانہ تعلقات کو نئی جہت ملی۔ اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ چین کی جانب سے پاکستان کی مسلسل حمایت پر دل کی گہرائیوں سے شکرگزار ہیں۔ چین کی قیادت اور عوام نے سچے دوست کی طرح پاکستان کا ساتھ دیا‘ عوام اس دوستی کی قدر کرتے ہیں۔ مسلم لیگ (ن) پاکستان کی مرکزی سیاسی جماعت ہونے کی حیثیت سے کمیونسٹ پارٹی کی دوستی اور باہمی تعاون کی پیشکش کا خیرمقدم کرتی ہے۔ چین سے دوستی اور تعاون کے فروغ کے لئے کمیونسٹ پارٹی سے مل کر کام کرنے کو تیار ہیں۔ دونوں جماعتوں کے اشتراک عمل اور تعاون سے چین پاکستان دوستی مزید گہری ہو گی۔ دونوں ممالک کے عوام کو مزید قریب لانے‘ تعاون اور اشتراک کی نئی راہیں کھلیں گی۔ سی پیک چین کا پاکستان کے لئے بیش قیمت تحفہ ہے۔ شہباز شریف نے کہا کہ چین کی مدد سے پاکستان نے ترقی کی۔ بہت سی منازل طے کیں۔ چینی قونصل جنرل نے نواز شریف کی طبیعت کے بارے میں بھی دریافت کیا۔ ملاقات میں دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال بھی ہوا۔

ای پیپر-دی نیشن