پاکستان کو با لا کوٹ حملہ کا یقین آ گیا، اپوزیشن اب بھی پوچھتی ہے کہاں ہوا؟ مودی
نئی دہلی(این این آئی)بھارتی وزیراعظم نریندرامودی نے ووٹرزکے دل جیتنے کے لیے حسب روایت ہٹ دھرمی کامظاہرہ کرتے ہوئے کہاہے کہ بھارتی فضائیہ کے بالاکوٹ میں جیش محمد کے کیمپ پر حملے کے بعد پاکستان نے خود شور مچایاہم نے توخاموشی اختیار کر رکھی تھی،بھارتی ٹی وی کے مطابق ہفتہ کو ایک انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے شکست سے خوفزدہ بھارتی وزیراعظم بوکھلائے نظر آئے اورجلسے میں پچھلے انتخابات کی طرح اس بار بھی پوری تقریر پاکستان کے خلاف کرڈالی،تاہم جلسے میں سوال وجواب کا سیشن نہ ہونے پر بھارتی وزراعظم اپنی بین بجا کر چلتے بنے ،کیوں کہ انہیں کوئی خوف نہیں تھا کہ یہاں جھوٹ بولنے سے جلسے میں کوئی ان سے ثبوت بھی مانگے گا،جلسے سے خطاب میں انہوں نے الزام عائدکیا کہ پاکستان نے پلوامہ حملہ بارڈرکے راستے کیا ،اورحملے کے بعد بھارت سے ملحقہ سرحدوں پر بھاری دفاعی مشینری تعینات کردی مگر وہ نہیں جانتا تھا کہ ہم حملہ زمینی نہیںفضائی کریں گے، بھارتی وزیراعظم نریندرامودی نے کہاکہ پلوامہ حملے کے بعد بھارتی کے بہادرفوجیوں نے وہ کردکھایا جس کا بہت عرصہ پہلے بھارت اپنے ہمسایہ ملک سے کہہ رھا تھا،بھارتی فضائیہ نے دہشت گردوں اوران کے محفوظ ٹھکانوں کو نشانہ بنایا،بھارتی وزیراعظم نے ایک مرتبہ پھر ملکی اپوزیشن کو خوب آڑے ہاتھوں لیا اورکہاکہ بھارت کے کامیاب فضائی حملے کے بعد کچھ نمک حرام لوگوں نے پاکستان کے حق میں بیانات دیئے ،انہوں نے کہاکہ پاکستان خود کہہ رہا ہے کہ بالا کوٹ میں حملہ ہوا ہے مگر ہمار ی اپوزیشن کے کچھ لوگ ابھی بھی ہم سے یہ سوال کر رہے ہیں کہ دکھائیں یہ حملہ کہاں ہوا ہے ؟انہوں نے کہاکہ دہشت گردی کا ناسور پچھلی حکومت کے دورمیں پروان چڑھا اس وقت اسے ختم کردیاجاتا تو آج ہمیں یہ دن نہ دیکھنے پڑتے۔دریں اثنا بھارتی اپوزیشن جماعت کانگریس کے صدرراہول گاندھی نے حکمراں جماعت بھارتیہ جنتہ پارٹی (بی جے پی )پر لفظی گولہ باری کرتے ہوئے اسے یاد دلا یا ہے کہ یہ آپ کی ہی گزشتہ حکومت کے کارنامے ہیں جس نے جیش محمد کے سربراہ مولانا مسعوداظہر کو ایک بھارتی جیل سے رہاکیا،بھارتی ٹی وی کے مطابق گزشتہ روز کرناٹکا کے علاقے ہاویری میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ جیش محمد کے چیف کا نام کیا ہے؟مسعوداظہر،کس نے ان کو ہماری جیل سے رہا کیا،کیایہ بھارتیہ جنتا پارٹی کی حکومت نہیں تھی جس نے مولانا مسعود اظہر کو بارتی جیل سے رہا کر کے قندھار روانہ کیا،کیا آپ نے ان کے ساتھ نیشنل سیکورٹی ایجنسی (این ایس اے)کے اہلکاراور اورجسونت سنگھ کو نہیں بھیجا تھا؟