• news

کھس کر مارنے کی دھمکی دینے والوں کو بنا دیا خام خیالی چھوڑ دیں: فواد چوہدری

جہلم(صباح نیوز+ نوائے وقت رپورٹ) وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ گھس کر مارنے کی دھمکی دینے والوں کو بتا دیا کہ خام خیالی چھوڑ دیں، ہم نے بھارت کو امن کے پیغام اور خواہش کو کمزوری نہ سمجھے، جہلم نے دفاع وطن کیلئے نامور سپوت پیدا کیے ہیں۔ خورشید شاہ کو نواز شریف سے ہمدری نہیں اپنے جیل جانے کی فکر ہے۔ اتوار کو جہلم میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ جہلم کے لوگ اپنی جان ہتھیلی پر رکھ کر سرحد کی حفاظت کرتے ہیں، شہداء نے اپنا خون پاک سرزمین کو امن دیا ہے جسکی وجہ سے آج پورے پاکستان میں افواج پاکستان کو حرمت اور عزمت کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے، آج ہندوستان کا پوری دنیا میں مذاق اڑایا گیا۔ کہہ رہے تھے ہم گھس کر ماریں گے اس نے گھس کر دیکھ لیا ہے کہ پھر کیا بنا ہے۔ پاکستان میں گھسنا ہندوستان کی خام خیالی ہے۔ یہ افواج پاکستان کے جوانوں کی بہادری اور جفاکشی ہے جن سے کسی کو پاکستان میں گھسنے کی جرأت نہیںہوسکتی ہے۔ ہم امن کیلئے کھڑے ہیں ہم نے کبھی پہل اور ز یادتی نہیں کی ، بھارت سمیت دنیا میں جہاں بھی دہشتگردی ہوئی پاکستان نے اس کی مذمت کی۔ ہم نے کہا دہشت گردی کسی بھی مسئلے کا حل نہیں ہے۔ عمران خان نے حلف اٹھانے سے پہلے کہا کہ آپ ایک قدم بڑھائیں گے ہم دو قدم بڑھائیں گے، یہ ہمارے وزیراعظم کی امن سے کمٹمنٹ تھی یہ پاکستانی قوم سے کمٹمنٹ تھی جس پر آج تک ہم کھڑے رہے ہیں جس کی وجہ سے میں نے آج کہاکہ وزیراعظم پاکستان کو امن کا نوبل انعام دینا چاہیے۔ آج امریکہ کا میڈیا کہہ رہا ہے کہ پاکستان کے وزیراعظم کو امن کا نوبل انعام ملنا چاہیے کیونکہ ان کی وجہ سے پوری دنیا ایک بڑی جنگ سے بچی ہے ۔ جب وزیراعظم پاکستان کو امن کا انعام ملے گا تو اس سے پاکستان اورعوام کو عزت ملتی ہے۔ وزیراعظم ایک انفرادی معاملہ نہیں وہ پاکستان کا وزیراعظم ہے ۔جو لوگ اسمبلی میں کھڑے ہوکر مذاق اڑاتے ہیں ان کیلئے تو افواج پاکستان اورقوم کابھی احترام نہیں ہے۔ اس لئے ان کے پاس عمران خان کا بھی کوئی احترام نہیں ہے۔ جب ان سے پوچھیں وہ پیسے کدھر چلے گئے تو کہتے ہیں میں بیمار ہوں اب خورشید شاہ کہہ رہا ہے اگر نواز شریف کو کچھ ہوا تو پرچہ عمران خان کیخلاف کاٹیں گے۔بھئی تمہیں نواز شریف کی فکر نہیں ہے تمہیں اپنے جیل جانے کی فکر ہے ، اسوقت حکومت اور اپوزیشن کا کوئی جھگڑا لڑائی نہیں ہے صرف ایک لڑائی ہے ہم کہتے ہیں آپ پاکستان کے لوگوں کے پیسوں کا حساب دیں ، ہم کہتے نہ رو حساب دو وہ کہتے ہیں این آراو ۔ اب یہ فیصلہ پاکستان کے عوام کرچکے ہیں اگر تحریک انصاف ان سے حساب نہ لے تو عمران خان کو نوبل انعام نہیں یہ سارے ایوارڈ دینے کو تیار ہیں ۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چودھری نے کہا کہ پہلامرحلہ کالعدم تنظیموں کو ہتھیاروں سے پاک کرنا ہے۔ کالعدم تنظیموں کے خلاف کارروائی کیلئے سہ جہتی حکمت عملی بنائی ہے۔ کالعدم تنظیموں میں بہت سے افراد خود بھی الگ ہونا چاہتے ہیں۔ ان تنظیموں کے زیرحراست افراد کو مستقل رکھنے کا ارادہ نہیں۔ ایف اے ٹی ایف کی شرائط ماننا ہوں گی۔ پوری نہ کیں تو معاشی سختیاں بڑھیں گی۔ حکومتی تحویل میں لئے گئے مدارس حکومت چلائے گی۔ ان مدارس کیلئے بجٹ بھی مختص کر دیا ہے۔ صرف مدارس میں نہیں پورے نظام تعلیم میں اصلاحات پر کام کر رہے ہیں۔وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات چوہدری فواد حسین اتوار کو فاتحہ خوانی کیلئے صوبیدار (ر) محمد اشرف مرحوم کے گھر گئے اور ان کے اہلخانہ سے تعزیت کی۔ وفاقی وزیر نے مرحوم کی بلندی درجات اور مغفرت کیلئے دعا کی اور لواحقین سے دلی تعزیت کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ مرحوم کی ملک کیلئے خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

ای پیپر-دی نیشن