پاکستان ہندو کونسل کی بھارتی جارحیت کیخلاف پاک فوج سے یکجہتی کی متفقہ قرارداد
اسلام آباد(نمائندہ نوائے وقت)پاکستان ہندوکونسل نے بھارتی جارحیت کے خلاف متفقہ طور پر مذمتی قرارداد منظور کرتے ہوئے مادر وطن کے دفاع کیلئے افواجِ پاکستان کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا ہے، پاکستان ہندو کونسل کی مینیجنگ کمیٹی کا اہم اجلاس منعقد ہوا، اجلاس میں سرپرست اعلیٰ ڈاکٹر رمیش کمار وانکوانی کے حالیہ دورہ بھارت کو پاک بھارت کشیدگی کے خاتمے کیلئے کلیدی نوعیت کا حامل قرار دیا گیا۔ پاکستان ہندو کونسل نے اپنے اجلاس میں بانی پاکستان قائداعظم اور تحریک پاکستان کے اکابرین کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے ہولی کے تہوار کو یوم پاکستان سے منسوب کرنے کا بھی فیصلہ کیا، ڈاکٹر رمیش کمار وانکوانی نے کہا کہ ہولی کا تہوار روشنی کی اندھیرے اوراچھائی کی بدی پر فتح کی یاد دلاتا ہے، انہوں نے کہا کہ رواں برس پاکستانی محب وطن ہندو کمیونٹی نے ہولی کا تہوار 23 مارچ 1940ء کے تاریخی جلسے میںقرارداد پاکستان کی منظوری کی یاد میں ایک منفرد انداز میں منانے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 20 مارچ کو شری پنچ مکھی ہنومان مندر سولجر بازارکراچی میں ہولی کی رنگارنگ بڑی تقریب میں بے شمار ہندو گھرانے ہاتھوں میں قومی پرچم اٹھائے پاکستان کے ساتھ اپنی لازوال محبت کا اظہار کریں گے۔ ہولی جشن کا آغاز ساڑھے چھ بجے ہوگا جبکہ تقریب ساڑھے دس بجے اختتام پذیر ہوگی، اجلاس میں صدر گوپال خامانی ، سیکرٹری جنرل پرشوتم رامانی، جوائینٹ سیکرٹری پمن لال راٹھی، فنانس سیکرٹری بھارت کمار منگلانی سمیت دیگر ممبران شریک ہوئے۔