مخالفین پر کیچڑ اچھالنے سے عوام کا بھلا نہیں ہوگا، مسائل جنم لیں گے: حمزہ شہباز
لاہور (خصوصی نامہ نگار) پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز نے پارلیمان میں موجود تمام جماعتوں کو دعوت دی ہے کہ ملک کو معاشی قوت بنانے کے لئے ترجیحات طے کی جائیں اور درپیش معاشی مشکلات سے نکلنے، عوام کو ریلیف دینے کے لئے مل کر کام کیا جائے۔ پاکستان کے مفاد کے لئے ضروری ہے کہ پاکستان کو معاشی قوت بنایاجائے۔ حکومت دوسروں پر کیچڑ اچھالتی رہی تو اس سے عوام کا کوئی بھلا نہیں ہوگا بلکہ وقت ضائع ہونے سے مزید مسائل اور مشکلات جنم لیں گی۔ مانگے تانگے سے توگھر نہیں چلتا، یہ مانگے تانگے کے ڈالروں سے ملک چلانے کی کوشش کررہے ہیں۔ ہندوستان میں جیسے جیسے انتخابات قریب آرہے ہیں، کسی مس ایڈونچر کا خطرہ ہے۔ پاکستان کو درپیش مسائل کے حل کے حوالے سے جامعہ نعیمیہ میں منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ نوازشریف اور شہبازشریف نے پوری محنت، دیانتداری اور قومی جذبے سے پاکستان اور عوام کی خدمت کی۔ ان کے دور میں ریکارڈ منصوبے ریکارڈ وقت میں مکمل ہوئے اور اربوں روپے کی بچت کی گئی۔ انہوں نے کہاکہ بجلی کے منصوبوں کی تکمیل ہماری حکومت کی ترجیح تھی۔ ہماری حکومت نے سستی بجلی پیدا کی۔ انہوں نے کہاکہ میں پاکستان کے استحکام کے تقاضوں کی بات کررہا ہوں۔ ہمیں پاکستان کے محسنوں کو نہیں بھولنا چاہئے۔ انہوں نے کہاکہ چین پاکستان کا عظیم اور گہرا دوست ہے جس نے سی پیک کی صورت پاکستان میں اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری کی۔ کارخانے اور معاشی زون بننے سے پاکستان میں معیشت میں بڑی تبدیلیاں آئیں گی۔ ہمیں اپنے ایسے دوست کے بارے میں بیان دیتے ہوئے سوچ سمجھ کا مظاہرہ کرنا چاہئے۔ آج الزام لگائے جاتے ہیں جس پر چینی کمپنیوں کو بے بنیاد الزامات کی تردید کرنا پڑتی ہے۔ اورنج لائن کا منصوبہ بائیس مہینے زیرالتواء رہا۔ یہ بن جاتا تو عوام کو سہولت مل جاتی۔ حمزہ شہبازنے کہاکہ آئی ایم ایف کا واحد پروگرام نوازشریف نے پورا کیا اور اسے الوداع کیا۔ چھ فیصد گروتھ ریٹ ہم چھوڑ کر گئے۔ آج ڈالر پینتیس روپے بڑھ گیا، روپے کی قدر و قیمت نیچے آگئی ہے۔ مانگے تانگے سے توگھر نہیں چلتا، یہ مانگے تانگے کے ڈالروں سے ملک چلانے کی کوشش کررہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ فرقہ واریت کے کینسر کا مقابلہ اتحاد و یک جہتی سے کرنا ہے اور اس سلسلے میں قوم کو اتحاد واتفاق اور تحمل وبرداشت کے اوصاف اپنانا ہوں گے۔ حمزہ شہباز نے آزادی کو بہت بڑی نعمت قرار دیتے ہوئے مقبوضہ جموں وکشمیر میں بھارتی مظالم کی مذمت کی اور اہل کشمیر کی آزادی کے لئے قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہاکہ بھارتی درندے نوجونوں کو ان کے والدین کے سامنے شہید کررہے ہیں۔ مسلسل خون بہہ رہا ہے۔ عالمی برادری کو اس ظلم کا نوٹس لینا ہوگا۔ حمزہ شہباز نے کہاکہ پاکستان کی ترجیحات کو مل کر طے کرنی چاہئیں۔ پاکستان کی معیشت پر کوئی سیاست نہیں ہونی چاہئے۔ اس بارے میں پارلیمان میں واضح ایجنڈا طے ہونا چاہئے۔