مالدیپ کرکٹ تیم کا 18 مارچ سے دورہ پاکستان کا اعلان
لاہور (سپورٹس رپورٹر )پاکستان سپر لیگ کے بعد مالدیب اور سویڈن کی ٹیمیں پاکستان کا دورہ کریں گی‘پاکستان کرکٹ بورڈ نے آئندہ سال ہوم سیریز کیلئے بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کو بھی دعوت دیدی۔پاکستان سپر لیگ کے بعد بھی ملک میں بین الاقوامی کرکٹ کی بہاریں برقرار رہیں گی، آ ئی سی سی ایسوسی ایٹ ممبر مالدیپ کرکٹ ٹیم 10 روزہ دورے پر پاکستان آئے گی، ذرائع کے مطابق مالدیپ کی کرکٹ ٹیم 19 مارچ کو 10 روزہ دورے پر پاکستان پہنچے گی، مہمان ٹیم اپنے دورے کے دوران کراچی میں 4 میچز کھیلے گی۔مہمان ٹیم اکیڈمی اور جونیئر ٹیموں کے خلاف میچز کھیلے گی، سابق پاکستانی فرسٹ کلاس کرکٹر آصف خان مالدیپ ٹیم کے کوچ ہیں۔ سویڈن کی کرکٹ ٹیم اپریل میں پاکستان کا دورہ کرے گی۔ پاکستان اور بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے درمیان پاکستان بنگلہ دیش سیریز کے لیے رابطوں میں تیزی آگئی۔ذرائع کے مطابق دونوں بورڈ کے درمیان کشیدہ تعلقات میں بہتری آنے لگی ہے اور بنگلہ دیش بورڈ کے صدر نظم الحسن کا پی ایس ایل فائنل دیکھنے کے لیے کراچی آنا اسی سلسلے کی کڑی ہے۔نظم الحسن نیشنل سٹیڈیم میں پاکستان سپر لیگ کا فائنل دیکھیں گے اور 18 مارچ کو وطن واپس روانہ ہوں گے۔ذارئع نے دعویٰ کیا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے بنگلہ دیش ٹیم کو رواں برس پاکستان آنے کی دعوت دی ہے اور ہوم سیریز سے متعلق مثبت پیش رفت کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے۔ذرائع کا کہنا تھا کہ بی سی بی کے صدر نظم الحسن سے بنگلہ دیش ویمنز اور انڈر 19 ٹیموں کے دوروں پر بھی بات چیت ہوگی۔اس سے قبل پی سی بی نے آسٹریلیا کے ساتھ ہوم سیریز کے لیے آسٹریلوی کرکٹ بورڈ کو دعوت دی تھی جس کو قبول نہیں کیا گیا اور یہ سیریز رواں ماہ متحدہ عرب امارات میں کھیلی جائے گی۔گزشتہ برس ویسٹ انڈیز ٹیم نے پاکستان کا دورہ کیا جس کے دوران 3 ٹی ٹونٹی میچز کی سیریز کراچی میں کھیلی گئی۔