• news

اگلے برس پوری لیگ پاکستان میں کرانے کے خواہاں ہیں:وسیم خان

لاہور (سپورٹس رپورٹر )پی سی بی کو اگلے برس تمام پی ایس ایل میچز ملک میں ہونے کی امید ہے۔ایم ڈی پی سی بی وسیم خان نے کہاکہ ہم اس حوالے سے انتہائی پْرعزم ہیں، رواں لیگ کا انعقاد شاندار انداز میں جاری ہے، یہ مقابلے ساری دنیا کی توجہ کا مرکزبنے ہوئے ہیں،غیر ملکی کھلاڑیوں کا پاکستان آکرکھیلنا خوش آئند ہے، وہ دن بھی جلد آئے گا جب پاکستان میں غیرملکی ٹیمیں قدم رکھیں گی۔ پی ایس ایل کامیاب ایونٹ بن چکی، ہم اگلے برس پوری لیگ پاکستان میں کرانے کے خواہاں ہیں۔ رواں سیزن تمام ترخدشات کے بعد غیرملکی کرکٹرز پاکستان آئے جس سے لیگ کی اہمیت اوراس میں شائقین کی دلچسپی مزید بڑھ گئی، اس حوالے سے فرنچائززکا کردار بہت اہم ہے، اب دنیا میں ایک مثبت پیغام جائے گا کہ پاکستان ایک پْرامن اور مضبوط ملک ہے۔ایم ڈی نے سکیورٹی کے انتظامات کوشاندار قرار دیتے ہوئے کہاکہ اس ضمن میں قانون نافذ کرنے والے اداروں نے بہترین صلاحیتوں کا اظہارکیا ، امید ہے کہ پی ایس ایل فور کا اختتام شایان شان انداز میں ہوگا۔انہوں نے سٹیڈیم میں قائم کیے جانے والے موبائل ہسپتال کا دورہ کیا اور ہنگامی حالت کی صورت میں علاج معالجہ کی سہولیات کا جائزہ لیا۔ پوری دنیا کی توجہ پاکستان سپر لیگ پر مرکوز ہے،سکیورٹی اداروں نے زبردست انتظامات کیے،کراچی میں پی ایس ایل کامیاب ایونٹ ثابت ہوگا،غیر ملکی کھلاڑی کراچی پہنچ کر کافی خوش ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن