• news

ڈیرن سیمی ’’کلین اینڈ گرین پاکستان‘‘ مہم کا حصہ‘ گورنر ہاؤس میں پودا لگایا

لاہور (سپورٹس رپورٹر + نمائندہ سپورٹس) ڈی جی آئی ایس پی آر آصف غفور نے کپتان پشاور زلمی ڈیرن سیمی کے نام ٹویٹ میں کہا ہے کہ ڈیرن سیمی کو پاکستان میں ایک بار پھر خوش آمدید کہتے ہیں۔ قائداعظم کو خراج عقیدت پیش کرنے پر ڈیرن سیمی کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ پشاور زلمی کے کپتان اور ویسٹ انڈیز کے سٹار کرکٹر ڈیرن سیمی بھی ’کلین اینڈ گرین پاکستان‘ مہم کا حصہ بن گئے۔ گورنرہاؤس میں ٹیم کے چیئرمین کے ہمراہ پودا لگایا۔ ٹیم کے چیئرمین جاوید آفریدی نے کپتان ڈیرن سیمی کے ہمراہ گورنر ہاؤس سندھ کا دورہ کیا اور گورنر سندھ عمران اسماعیل سے ملاقات کی۔ ڈیرن سیمی نے اپنے لئے باعث فخر قرار دیا۔ ڈیرن سیمی اور جاوید آفریدی نے گورنر ہاؤس میں پودا لگا کر وزیراعظم کے 10 ملین ٹری سونامی مہم میں زلمی فیملی کی جانب سے حصہ ڈالا۔ ڈیرن سیمی نے اپنے ماضی کی یاد کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ آج انہیں اپنا بچپن یاد آ گیا جب وہ اپنے والدین کے ساتھ کاشتکاری کیا کرتے تھے۔ ڈیرن سیمی نے کہا کہ میں ہر شخص سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ ماحول کو سرسبز بنانے میں اپنا کردار ادا کرے تاکہ اس سے نہ صرف پاکستان بلکہ پوری دنیا میں ہریالی کی حفاظت کی جا سکے۔ ڈیرن سیمی نے کراچی کے شائقین سے اپیل کی کہ وہ نیشنل سٹیڈیم آ کر پشاور زلمی کو بھی سپورٹ کریں۔

ای پیپر-دی نیشن