• news

انکم سپورٹ لیوی ٹیکس کیخلاف حمزہ شہباز کی درخواست پر وفاقی حکومت‘ فریقین کو نوٹس جاری

لاہور (وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ نے انکم سپورٹ لیوی ٹیکس کے خلاف اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز کی درخواست پر وفاقی حکومت اور دیگر فریقوں کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا۔ لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس عاصم حفیظ نے کیس کی سماعت کی۔ حمزہ شہباز شریف کے وکیل نے کہا کہ درخواست گزار ٹیکس کی ادائیگی کے علاوہ زکوۃ بھی ادا کرتے ہیں‘ ٹیکس کی ادائیگی کے باوجود انکم سپورٹ لیوی ٹیکس کا نفاذ آئین سے متصادم ہے‘ اٹھارویں آئینی ترمیم کے تحت سماجی بہبود کرنا محکمہ سوشل ویلفیئر کا کام ہے‘ ان لینڈ ریونیو کو سماجی بہبود کے نام پر ٹیکس عائد کرنے یا وصول کرنے کا کوئی اختیار نہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ان لینڈ ریونیو کی جانب سے حمزہ شہباز کو 12 لاکھ روپے ٹیکس جمع کروانے کی ہدایت کی گئی تھی جو بلاجواز ہے۔ عدالت نے تمام فریقوں کو نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت 19 مارچ تک ملتوی کر دی۔ عدالت نے اسی نوعیت کی تمام درخواستوں کو یکجا کرنے کی ہدایت کر دی۔

ای پیپر-دی نیشن