موجودہ سینٹ کا پہلا پارلیمانی سال مکمل چیئرمین صادق سنجرانی کی ارکان کو مبارکباد
اسلام آباد (صباح نیوز)موجودہ سینیٹ کا پہلا پارلیمانی سال مکمل ہوگیا، دونوںبڑی اتحادی اپوزیشن جماعتیں12مارچ 2018ء میں چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے انتخابات میں مد مقابل آگئی تھیں، تحریک انصاف کے حمایتی چیئرمین سینیٹ منتخب ہوگئے تھے ، اس وقت کے حکمران اتحاد کو شکست کا سامنا کرنا پڑا، مشترکہ دوست سینیٹ انتخابات کے معاملے پر آصف علی زرداری اور عمران خان کو قریب لانے میں کامیاب رہے۔چیئرمین سینیٹ محمدصادق سنجرانی نے سال مکمل ہونے پر کارکردگی کو انتہائی اچھا قراردیا ہے، اپنے پیغام میں انھوں نے ارکان سینیٹ کو مبارک باددیتے ہوئے کہا ہے کہ ملکوں کو قریب لانے کے لیے پارلیمانی سفارت کاری ضروری ہے، منتخب نمائندے نہ صرف قانون سازی کرنے کے حوالے سے مشاورت کرتے ہیں بلکہ پارلیمان ہی عوام کوقریب لاسکتے ہیں یہی اصل فورم ہے پارلیمانی رپورٹ کے مطابق ماضی کی طرح اب بھی ایوان بالا میں وزراء کی حاضری کا مسئلہ درپیش رہا، ایک وفاقی وزیرکو پابندی کا سامنا کرنا پڑا ۔حکومتی وعدے کے مطابق وزیراعظم باقاعدگی سے ایوان بالا میں نہ آسکے ۔قراردادوں پر عملدرآمد بھی نہ ہوسکا۔سینیٹ کے آج مکمل ہونے والے پارلیمانی سال میں گیارہ اجلاس ہوئے ۔اس گزرے پارلیمانی سال میں27قراردادیں منظور ہوئی ۔24توجہ دلائو نوٹس پر بحث ہوئی ۔دونوں ایوانوں سے پاس ہو کر ایکٹ بننے والے بلوں کی تعداد35 ہے ۔اس ختم ہونے والے پارلیمانی سال میں چیئرمین سینیٹ کی طرف سے مختلف امور پر چار رولنگ دی گئیں۔ نجی ارکان قومی اسمبلی کے 9 بل ایوان بالا میں پیش ہو ئے۔موجودہ پارلیمانی سال میں سینیٹ میں نجی ارکان کے 30بل پیش ہوئے ۔سال 2019ء میں نجی اراکین سینیٹ نے6بل پیش ہوئے منظور ہونے والی اہم قراردادوں میں بھارتی جارحیت اور جماعت اسلامی مقبوضہ کشمیرپر پابندی کے خلاف مشترکہ قراردادیں شامل ہیں اسی طرح اہم بلزمیں نجی قرضوں پر سود کے خلاف بھی متفقہ طورپر سینیٹر سراج الحق کے بل کی منظوری بھی شامل ہے،موجودہ چیرمین سینیٹ اور ڈپٹی چیرمین کا انتخاب12مارچ2018کو عمل میں آیا تھا ۔