پاکستان ترکمانستان میں تاپی گیس پائپ لائن منصوبے پر معاہدہ آج ہوگا
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) پاکستان اور ترکمانستان کے درمیان تاپی گیس پائپ لائن منصوبے پر ہوسٹ ایگریمنٹ آج ہوگا۔ ذرائع کے مطابق معاہدے پر دستخط کی تقریب میں ترکمانستان کے وزیر خارجہ بھی شرکت کریں گے۔ترکمانستان کے وزیر خارجہ رات گئے پاکستان پہنچ گئے معاہدے پر تاپی گیس پائپ لائن کمپنی کے سربراہ، سیکرٹری پٹرولیم دستخط کریں گے۔ معاہدے کے تحت پاکستان تاپی گیس پائپ لائن کمپنی کو منصوبے کی تعمیر میں ضروری سہولیات دے گا۔ پاکستان میں تاپی گیس پائپ لائن منصوبے کا سنگ بنیاد جون میں متوقع ہے۔ تاپی گیس پائپ لائن منصوبہ پاکستان میں 2022ء تک مکمل ہوگا۔ منصوبے کے تحت مجموعی طور پر یومیہ تین ارب 20 کروڑ مکعب فٹ گیس درآمد ہوگی۔ منصوبے سے بھارت کو یومیہ ایک ارب 32 کروڑ مکعب فٹ گیس جائے گی۔ افغانستان کو یومیہ 50 کروڑ مکعب فٹ گیس ملے گی۔ تاپی گیس پائپ لائن منصوبے پر لاگت کا مجموعی تخمینہ دس ارب ڈالر ہے۔ دریں اثناء وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور ترکمانستان کے وزیر خارجہ راشد میریدوف پاک۔ترکمانستان دوطرفہ سیاسی مشاورتی اجلاس کے دوسرے رائونڈ میں اپنے اپنے ممالک کے وفود کی قیادت کریں گے۔ ترکمانستان کے وزیر خارجہ دورہ پاکستان کے دوران وزیر خزانہ اسد عمر، وزیر پٹرولیم اور وزیر توانائی سے ملاقاتیں بھی کریں گے۔رات گئے ترکمانستان کے وزیر خارجہ راشر میر ہدوف پاکستان پہنچے تو وزارت داخلہ کے اعلیٰ حکام نے ترکمانستان کے وزیر خارجہ کا استقبال کیا راشد میر ہدف آج شاہ محمود قریشی اور دیگر حکام سے ملاقاتیں کریں گے۔