بھارت پاکستان کیخلاف لابنگ کررہا ہے، کالعدم تنظیموں پر ایف اے ٹی ایف کے اعتراضات دور کردیئے ، اسد عمر
اسلام آباد(صباح نیوز+ نوائے وقت رپورٹ) وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر نے کہا ہے کہ کالعدم تنظیموں سے متعلق ایف اے ٹی ایف کے اعتراضات دور کردئیے ہیں، بہتر طرز حکمرانی کے فقدان کے باعث اداروں کی کارکردگی متاثر ہوئی۔ تقریب سے خطاب اور گفتگو کرتے ہوئے وزیر خزانہ اسد عمر نے کہا کہ پاکستان میں کارپوریٹ قوانین میں بہتری لائی جارہی ہے، کارپوریٹ شعبے میں جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے کوشاں ہیں، ہمیں ایسے افراد کی ضرورت ہے جو کارپوریٹ سیکٹر میں مہارت رکھتے ہوں۔ ہماری کچھ خواہشات بالکل معصومانہ ہیں۔ پاکستان بھارت کی ایف اے ٹی ایف میں شرکت کا مخالف ہے کیونکہ بھارت نے پاکستان کے خلاف سخت بیانات دیئے ہیں۔ ایف اے ٹی ایف کو پاکستان پر سب سے بڑا اعتراض کالعدم تنظیموں کو ہائی رسک قرار نہ دینا تھا لیکن یہ تقاضا ہم نے گزشتہ ہفتے کے روز پورا کر دیا۔ اسد عمر نے کہا کہ ہم نے کالعدم تنظیموں کے خلاف نئے اقدامات کئے اور انہیں پاکستان کیلئے سب سے بڑا خطرہ قرار دیا ہے اب امکانات پیدا ہو گئے ہیں کہ ستمبر میں پاکستان کو کلیئر قرار دیا جائے۔ دوسری جانب پاکستان اور ایف اے ٹی ایف ایشیا پیسفک گروپ (اے پی جی) کے مذاکرات کا شیڈول طے پا گیا پاکستان اور ایشیا پیسفک گروپ کے مذاکرات 26 سے 28 مارچ تک اسلام آباد میں ہوں گے۔ 9رکنی وفد پاکستان سے مذاکرات کرے گا جس کی سربراہی ایگزیکٹو سیکرٹری گارڈن بک کریں گے۔ وفد وزارت خزانہ، سٹیٹ بینک، ایف آئی اے، ایس ای سی پی اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے ملاقاتیں کرے گا۔ ذرائع کا بتانا ہے کہ اجلاس میں دوسری میوچل ایوالیوایشن رپورٹ کا جائزہ لیا جائے گا۔ وفد مطمئن نہ ہونے پر پاکستان کو آئی سی آر جی کا نیا ایکشن پلان دیا جا سکتا ہے۔ پاکستان نے پہلی رپورٹ میں مجموعی ریٹنگ میں بہتری کی سفارش کی تھی لیکن ایشیا پیسفاک گروپ نے پاکستان کی ریٹنگ میں بہتری نہیں کی۔