گاڑیوں کی رجسٹریشن میں ایجنٹ مافیا برداشت نہیں کروں گا، عوام مشکل کو اپنی سمجھتا ہوں : عثمان بزدار
لاہور(نیوز رپورٹر)وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی زیر صدارت اجلاس میں محکمہ ایکسائز و ٹیکسیشن کی کارکردگی اوریونیورسل نمبر پلیٹس کے اجراء کے مجوزہ پروگرام کا جائزہ لیا گیا۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ محکمہ ایکسائز و ٹیکسیشن کے حکام اورعملے کو عوام کو سہولتیں دینے پر فوکس کرنا چاہیے۔ گاڑیوں اورموٹر سائیکلوں کی رجسٹریشن کے کام میں ایجنٹ مافیا کا قلع قمع کیا جائے ۔ایجنٹ مافیااہلکاروںکی ملی بھگت سے گاڑیوں کی رجسٹریشن کیلئے آنیوالوںسے پیسے لیتا ہے،میں یہ کسی صورت برداشت نہیں کروںگااوراب یہ سلسلہ ہمیشہ کیلئے بندکرنا ہوگا۔محکمے کو تاخیری حربے چھوڑ کر عوام کو ریلیف کی فراہمی پر توجہ دینے کی ضرورت ہے ۔یونیورسل نمبر پلیٹس کے اجراء سے گاڑیوں کی شناخت میں بہت مدد ملے گی۔لاہور اورراولپنڈی کے دفاتر میں رش کم ہوگا اورریونیو میں اضافہ ہوگا۔گاڑیوں کی رجسٹریشن کے عمل کو عوام کیلئے مزیدآسا ن بنایا جائے ۔مجھے علم ہے کہ محکمہ ایکسائز میں فائل کو جان بوجھ کر روکا جاتا ہے ۔عوام کو جان بوجھ کر تنگ کرنے والے محکمہ ایکسائز کے اہلکار کوئی اور کام ڈھونڈ لیں آئندہ فائل کی ڈسپوزل میںغیر ضروری تاخیر برداشت نہیںکی جائے گی۔ نان فائلرز کو مقررکردہ حد کی گاڑی کی خریداری کے بعدرجسٹریشن کے عمل میں کوئی دشواری پیش نہیں آنے چاہیے اور نان فائلرز کو بھی رجسٹریشن کے حوالے سے ضروری سہولت فراہم کی جائے۔ صوبائی وزیر خودفیلڈمیں نکلیں۔ عوام کی مشکل کو میں اپنی مشکل سمجھتا ہوں ۔ عثمان بزدار سے صوبائی وزیر اطلاعات سید صمصام علی بخاری نے ملاقات کی ،جس میں محکمہ اطلاعات وڈی جی پی آرکی کارکردگی اورمیڈیا کے امور پر تبادلہ خیال کیاگیاجبکہ کلین اینڈ گرین پاکستان ،شجرکاری مہم اوردیگر اہم معاملات پر بھی بات چیت کی گئی۔وزیراعلیٰ عثمان بزدارنے صمصام علی بخاری کو صوبائی وزارت اطلاعات کا قلمدان سنبھالنے پر مبارکباد دی اوران کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت نے مختصر مدت میں فلاح عامہ کے لئے بے پناہ کام کیا ہے اورحکومت کی کارکردگی عوام کے سامنے لانے کیلئے محکمہ اطلاعات اورڈی جی پی آرکا کرداراہمیت کا حامل ہے ۔موجودہ دور ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کا ہے اورڈی جی پی آر کی استعدادکار بڑھانے کیلئے ہرممکن اقدام کریں گے۔ علاوہ ازیں پنجاب کی ثقافت کو فروغ دینے کیلئے کلچرل سرگرمیوں کا دائرہ کار ضلع اورتحصیل کی سطح تک بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا۔عثمان بزدارکی زیر صدارت اجلاس میںاطلاعات و ثقافت کی استعداد کار ،افعال کار اورکارکردگی کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ عثمان بزدار نے کہا کہ پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف لینگویچ،آرٹ اینڈ کلچر(پلاک ) دیگر علاقائی زبانوں کے فروغ کیلئے جامع پلان مرتب کرے۔علاقائی زبانوں کی ترویج و تشہیر سے پنجاب کی ثقافت کو فروغ ملے گا۔عثمان بزدار نے کہا کہ آرٹس کونسلز کا دائرہ کار ضلع کی سطح تک بڑھانے کا جائزہ لیا جائے۔صوبہ بھر میں یوم پاکستان شان و شوکت سے منایا جائے گا۔اجلاس میں پنجاب کے صحافیوں کو صحت انصاف کارڈ جا ری کرنے کی تجویز پر غور کیاگیا۔وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ اس ضمن میں محکمہ اطلاعات قابل عمل سفارشات تیارکر کے رپورٹ پیش کرے۔