بھٹو کا نواسا ضیاء منہ کے بولے بیٹے سے ملا، صدی کا سب سے بڑا یوٹرن ہے: فواد چودھری
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ، نیوز ایجنسیاں) وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کہا ہے کہ بھٹو کے خون پر میثاق صلح ہوگیا۔ بلاول خود کو نواز شریف کے سیاسی مزار کا مجاور دکھا کر پنجاب میں سیاسی میلہ لوٹنا چاہتے ہیں۔ مسلم لیگ (ن) سے مایوس نواز شریف کا ملاقاتی اب بلاول ہی رہ گیا ہے۔ نواز شریف اپنی پارٹی سے بہت نالاں ہیں ، نواز شریف کی صحت پر سیاست خود اپوزیشن کر رہی ہے۔ اپوزیشن نہیں چاہتی نواز شریف صحت مند ہوں اور ان کا علاج ہو، وزیراعظم کہہ چکے ہیں نواز شریف جہاں سے چاہیں علاج کرائیں۔ فواد چودھری نے نوازشریف اور بلاول بھٹو ملاقات پر ردعمل میں کہا ہے کہ بھٹو کے نواسے کی ضیاء الحق کے منہ بولے بیٹے سے ملاقات ہوئی۔ ملاقات صدی کا سب سے بڑا یوٹرن ہے۔ بھٹو کے نواسے کی ضیاء کے منہ بولے بیٹے سے ری یونین ہوگئی۔ علاوہ ازیں فواد چودھری نے ٹوئٹر پیغام میںکہا ہے کہ بھارت نے کشمیر میں 7 لاکھ فوج تعینات کی ہوئی ہے، ہر 10کشمیری پر ایک بھارتی فوجی مسلط ہے۔ لیکن پھر بھی استصواب رائے کرانے سے ڈرتے ہیں۔ بھارت میں جرأت نہیں کہ کشمیر میں انتخابات کرا سکے۔ اربوں روپے سکیورٹی پر خرچ کرنے کے بعد بھارت کی حالت ابتر ہے۔ بھارت کو چاہئے کہ وہ کشمیر کے لوگوں کو ان کے خواہشات کے مطابق فیصلہ کرنے دے اور انہیں ان کا حق خودارادیت دے۔ اپوزیشن نواز شریف کی بیماری کو سیاست کے لئے استعمال کر رہی ہے، دو سیاسی مایوسوں کی ملاقات سے مایوسی ہی برآمد ہوئی۔ پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما جہانگیر ترین نے کہا ہے کہ اگر نوازشریف کا علاج بیرون ملک ہی ممکن ہوا تو حکومت رکاوٹ نہیں بنے گی، انکی ضمانت لینا عدالت کا کام ہے، بلاول بھٹو نے خود کہا ہے کہ نوازشریف سے ذاتی طور پر ملنے گئے، کوئی سیاسی گٹھ جوڑ نہیں بن رہا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور سفاری زو میں گرین پاکستان پروگرام کے تحت پودے لگائے جانے کی تقریب میں شرکت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ کلثوم نواز کی وفات کا افسوس ہے لیکن یہ اللہ کی مرضی ہے۔ اب تو کارڈیک یونٹ بھی مہیا کردیا، نوازشریف کو پاکستان میں علاج کروا لینا چاہیے لیکن اگر انکا علاج بیرون ملک ہی ممکن ہوا تو حکومت رکاوٹ نہیں بنے گی۔