یورپی یونین نے پاکستان سمیت تیسری دنیا کے سیاحوں کیلئے دروازے بند کر دیئے
اسلام آباد (آن لائن) پاکستانی سیاحوںکیلئے یورپی ممالک کے دروازے بند، یورپی ممالک نے سیاحت کی غرض سے جانے والے خواہشمند پاکستانیوں کو کیٹگری پانچ میں شامل کردیا، جس کے بعد سیاحت کی غرض سے شینجن Schengen ممالک میں پاکستانیوںکا جانا تقریباً ناممکن بنادیا گیا ہے۔ اہم سفارتی ذرائع کے مطابق پاکستانی سیاحوں کو یورپی یونین میں شامل 26ممالک میں سیاحتی ویزا حاصل کرنے کے طریقہ کار کو نہایت مشکل بنا دیا گیا ہے ، جس کے بعد سیاحت کی غرض سے ویزا حاصل کرنا تقریبا ناممکن ہوگیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ یورپی یونین نے یہ اقدام نہ صرف پاکستانیوںکیلئے اٹھایا گیا ہے بلکہ تیسری دنیا سے آنے والے تمام سیاحوں کیلئے کیا گیا ہے ، کیونکہ تیسری دنیا کے ممالک سے آنے والے لوگ یورپی ممالک میں داخل ہوکر نہ صرف ویزے کا ناجائز استعمال کرتے ہیں بلکہ ویزے کی مدت ختم ہونے سے پہلے یورپی ممالک میں پناہ لینے کیلئے درخواستیں دائر کردیتے ہیں۔ جس کی وجہ یورپی ممالک کی معیشت متاثر ہونے کے ساتھ ساتھ وہاں کے باسیوں کے لیے ماحول متاثر ہوتا ہے۔ سیاحت کی غرض سے ویزا حاصل کرنے والے درخواست گزار کو ٹھوس شواہد ثابت کرنا ہونگے۔ اس سے قبل پاکستان سے یورپی ممالک کی ویزا درخواستوں کو رد کرنے کی شرح بہت زیادہ ہے ، بلکہ یورپی یونین کے بعض ممالک نے تو گزشتہ کئی ماہ سے ویزا درخواستیں لینا بند کررکھی ہیں۔