بھارت دنیا میں اسلحہ کا دوسرا بڑا خریدار خطرات کے باوجود پاکستان کے دفاعی اخراجات کم ہیں: گلوبل تھنک ٹینک
نئی دہلی (نیٹ نیوز) خطے میں چودھراہٹ کا خواب اور وسعت پسندانہ عزائم رکھنے والا بھارت اسلحے کا دوسرا بڑا خریدار بن گیا۔ دنیا بھر میں فروخت ہونیوالے کل اسلحے 9.5 فیصد بھارت خری لیتا ہے، بھارت کے پاس 130 سے 140 ایٹمی ہتھیار ہیں۔ گلوبل تھنک ٹینک سٹاک ہوم انٹرنیشنل پیس ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کی رپورٹ کی مزید تفصیلات کے مطابق دنیا بھر میں فروخت ہونیوالے کل اسلحے کا 9.5 فیصد بھارت خرید لیتا ہے، بھارت اس کے علاوہ نومبر میں فرانس سے 59 ارب ڈالر کے رافیل جنگی طیارے بھی خریدے گا جبکہ روس سے 40 ارب ڈالر مالیت کا ایس 400 میزائل سسٹم بھی لے گا۔ بھارت 58 فیصد اسلحہ روس، 15 فیصد اسرائیل اور 12 فیصد امریکہ سے خریدتا ہے۔رپورٹ کے مطابق دنیا کی 9 جوہری طاقتوں کے ایٹمی ہتھیاروں کی مجموعی تعداد 16 ہزار 300 ہے، جن میں سے تقریباً 4 ہزار ہتھیار حملے کے لئے تیار حالت میں ہیں۔ 9 ایٹمی طاقتوں میں امریکہ، روس، چین، پاکستان، بھارت، برطانیہ، فرانس، اسرائیلی اور شمالی کوریا شامل ہیں۔ بھارت کے ایٹمی ہتھیاروں کی تعداد 130 سے 140 ہے۔ سکیورٹی کے بڑھتے ہوئے خطرات کے باوجود پاکستان کے دفاعی اخراجات خطے کے دیگر ممالک کی نسبت سے کم ہیں۔گلوبل تھنک ٹینک کی رپورٹ کے مطابق 2009 سے 2013 کے مقابلے 2014 سے 2018 کے درمیان پاکستان کی طرف سے اسلحے کی خریداری میں 39 فیصد کمی ہوئی ہے۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ 2009 سے 2018 تک پاکستان نے امریکہ سے اسلحہ کی خرید میں 81 فیصد کمی کی ہے اور دیگر ممالک سے اسلحہ خریدا جیسا کہ ترکی سے 30 کمبیٹ ہیلی کاپٹر خرید کیے۔