نندی پور پراجیکٹ ریفرنس: پرویز اشرف، بابر اعوان کیخلاف نوید قمر، خواجہ آصف گواہ بن گئے
اسلام آباد(نا مہ نگار)نندی پور پاور پراجیکٹ ریفرنس میں نیب نے 35گواہوں کی فہرست احتساب عدالت میں جمع کرا دی ہے۔ سابق وزیر اعظم راجہ پرویزاشرف اور سابق وزیر قانون بابر اعوان کے خلاف دو سابق وفاقی وزرا نوید قمر اور خواجہ محمد آصف بھی استغاثہ کے گواہ بن گئے۔احتساب عدالت میں ملزموں کے خلاف بیان ریکارڈ کرائیں گے ۔ نیب نے نوید قمر کو گواہوں کی فہرست میں 29ویںجبکہ خواجہ آصف کو 30ویں نمبر پر رکھا ہے۔وزارت پانی و بجلی اور وزارت قانون کے افسروں سمیت نیب کے تین تفتیشی افسر بھی گواہوں میں شامل ہیں۔ عدالت نے استغاثہ کے پہلے گواہ وزارت توانائی کے سیکشن افسر محمد نعیم کو بیان ریکارڈ کرانے کے لیے 19مارچ کو طلب کر رکھا ہے۔