معیشت بہتر ہو رہی ہے مہنگائی بڑھے گی، عوام چیخیں گے: اسد عمر
اسلام آباد (این این آئی) وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر نے عندیہ دیا ہے کہ ملک میں مہنگائی میں مزید اضافہ ہوگا جس پر عوام چیخیں گے۔ قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کے اجلاس میں بریفنگ دیتے ہوئے وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن کی حکومت نے بجلی کی قیمت کو انتخابی مہم کیلئے استعمال کیا تھا، اس نے ایک سال میں توانائی شعبہ میں 450 ارب روپے کا خسارہ کیا اور گیس کی کمپنیوں میں 150 ارب روپے کا نقصان کیا اب ملک میں معیشت مستحکم دکھائی دے رہی ہے، تاہم مہنگائی مزید بڑھے گی کیونکہ بجلی اور گیس کی قیمت بڑھ رہی ہے، اس پر لوگ چیخیں گے، تاہم جب معیشت بحال ہورہی ہو تو مہنگائی بڑھتی ہے۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ آئی ایم ایف کیساتھ اختلافات کم ہوچکے ہیں اور قرض کے لیے مذاکرات جاری ہیں، آئی ایم ایف نے مزید اقدامات کرنے کا کہا تھا لیکن ہم سمجھتے ہیں کہ اس سلسلے میں سٹیٹ بینک اور وزارت خزانہ نے جو اقدامات کیے وہ کافی ہیں۔ آئی ایم ایف کا مطالبہ ہے کہ اخراجات کو کم کیا جائے اور بجلی و گیس کے نقصانات کو کنٹرول کیا جائے، آئی ایم ایف نے ڈالر کو بھی مارکیٹ ریٹ پر لانے کا مطالبہ کیا ہے تاہم فی الحال ڈالر کی قیمت بڑھانے کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔اسد عمر کی زیر صدارت کابینہ کی توانائی کمیٹی کا اجلاس ہوا۔ اعلامیہ کے مطابق کمیٹی نے گیس صارفین کو اضافی رقوم واپس کرنے کی ہدایت کر دی۔ وزیر خزانہ نے ہدایت کہ اضافی بلز آئندہ بلوں میں ایڈجسٹ کئے جائیں۔ بجلی چوروں کیخلاف بھرپور کارروائی شروع کی جائے۔