پاکستانی سفیر اسد مجید کی امریکی سینیٹرز سے ملاقات
واشنگٹن (صباح نیوز) پاکستانی سفیر اسد مجید نے امریکی سینیٹرز سے ملاقات کی جس میں پاکستان بھارت کشیدگی پر بات چیت ہوئی۔ امریکا میں پاکستانی سفیر اسد مجید خان نے واشنگٹن میں امریکی چیئرمین آرمز سروسزکمیٹی سینیٹر جیمزان ہوف اور خارجہ امورکمیٹی کے اہم رکن سینیٹر ٹیڈیوہو سے علیحدہ علیحدہ ملاقات کی اور دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا۔ پاکستانی سفیر اسد مجید نے امریکی قانون سازوں کو پاکستان امریکا تعلقات کی تازہ ترین صورتحال سے آگاہ کیا جبکہ جنوبی ایشیائی خطے کی صورتحال اور کشیدگی پر بھی روشنی ڈالی۔ پاکستانی سفیر نے افغانستان میں سیاسی عمل کے ذریعے امن و استحکام کی کوششوں سے آگاہ کیا۔ امریکی قانون سازوں نے مشترکہ اہداف کے حصول کیلئے مل کر کام کرنے کی ضرورت پر اتفاق کیا۔