• news

جہالت‘ غربت اور پسماندگی ختم کرنے کیلئے دن رات محنت کرنا ہو گی: پرویز الٰہی

لاہور (نیوز رپورٹر) اسمبلیوں کا کردار موثر بنا کر جمہوریت کے ثمرات عام آدمی تک بخوبی پہنچائے جا سکتے ہیں۔ ارکان اسمبلی جمہوری نظام کی مضبوطی اور استحکام کے ضامن ہیں۔ عوامی نمائندوں کو موثر قانون سازی کے ذریعے عوامی بہبود کے اقدامات اور حکومتی پالیسیوں کو مضبوط قانونی بنیاد فراہم کرنے میں اپنا کردار ادا کرنا ہو گا۔ ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیراطلاعات و ثقافت سید صمصام علی بخاری نے پنجاب اسمبلی کے سپیکر چیمبر میں سپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویزالٰہی سے ملاقات کے دوران کیا۔ دونوں رہنماؤں نے ملکی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر چوہدری پرویزالٰہی نے کہا کہ جہالت، غربت اور پسماندگی کے خاتمے اور عوام کو صحت و تعلیم و دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لئے ہمیں دن رات محنت کرنا ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ ارکان اسمبلی کو ملک کی ترقی کے لئے قانون سازی میں بھرپور حصہ لینا چاہیے۔ سید صمصام علی بخاری نے کہا کہ عوامی نمائندوں کا لوگوں کے مسائل کے حل میں کلیدی کردار ہے۔ انہوں نے کہا کہ مفاد عامہ کے اقدامات کو مضبوط قانونی بنیاد فراہم کرنا اسمبلیوں کی بنیادی ذمہ داری ہے۔ دیانتدار اور قابل ارکان اسمبلی ملک و قوم کا قیمتی اثاثہ ہیں۔ ملاقات میں صوبائی وزیر معدنیات حافظ عمار یاسر بھی موجود تھے۔دریں اثناء صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت سید صمصام علی بخاری نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی حکومت نے ماضی کی حکومتوں کے برعکس پہلی مرتبہ سیریس اور ٹھوس اقدامات کرتے ہوئے نیشنل ایکشن پلان کی روح کے مطابق کالعدم تنظیموں کے خلاف فیصلہ کن کارروائی کی ہے مگر بلاول بھٹو نے اپنے غیر ذمہ دارانہ بیان میں وہی زبان استعمال کی ہے جو پاکستان کے دشمنوں کا بیانیہ ہے۔ بلاول بھٹو کی گفتگو نے پاکستان کی بجائے اس کے مخالفین کے ہاتھ مضبوط کئے ہیں۔ صوبائی وزیر اطلاعات نے اپنے ایک بیان میںکہا کہ بلاول بھٹو کی باتیں نیب کی پیپلز پارٹی کے رہنماؤں کے خلاف کرپشن کی تحقیقات کا شکنجہ کسنے کا ردعمل ہیں۔ لیکن بلاول بھٹو کی کوئی شعلہ بیانی نیب کی تحقیقات کا عمل نہیں روک سکتی۔ بلاول موجودہ حکومت پر کالعدم تنظیموں کے حوالے سے تنقید کر رہے ہیں حالانکہ ان کو دکھ اور تکلیف کوئی اور ہے۔ پیپلز پارٹی کے رہنمائوں کے خلاف نیب کی کارروائی ان کی غضب کرپشن کی عجب کہانی کا منطقی نتیجہ ہے۔ بلاول بھٹو نے جس نکتہ نظر کا اظہار کیا ہے ان کی گزشتہ دنوں میاں نوازشریف کی تیمارداری کے نام پر ہونے والی راز و نیاز کا یہی نتیجہ نکلنا تھا۔ نواز شریف بھی کہتے رہے کہ ہماری تنظیمیں دوسرے ملک میں گھس کر ڈیڑھ سو بندے مار دیتی ہیں اور گزشتہ روز بلاول بھٹو نے بھی ملک دشمنی پر مبنی یہی الزام دہرایا۔ حقیقت یہ ہے کہ بلاول بھٹو اور نواز شریف جیسے لوگ نیشنل ایکشن پلان کے مخالف اور اس پر عملدرآمد کی راہ میں رکاوٹ ہیں اور یہی لوگ دشمن ممالک کے ہم نوالہ ہم پیالہ بن کر ان کی زبان بولنے کے عادی ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن