• news

چیف جسٹس نے سیشن عدالتوں کا اندراج مقدمہ درخواستوں کا اختیار سماعت ختم کر دیا

اسلام آباد+ کراچی (آئی این پی) چیف جسٹس آصف سعید کھوسہ نے پاکستان کی سیشن عدالتوں کا اندراج مقدمہ کی درخواستوں کی سماعت کا اختیار ختم کر دیا۔ سیشن جج لاہور نے نیا نوٹیفکیشن جاری کر دیا سائلین کو اب اندراج مقدمہ کیلئے ڈسٹرکٹ کمپلینٹ ادارے سے رجوع کرنا پڑے گا۔ جسٹس آصف سعید کھوسہ نے اندراج مقدمہ سے متعلق سیکشن 22 اے 22 بی ختم کر دی جس کے بعد عدالتوں سے مقدمات کا بوجھ کم ہونے لگا اور سائلین اب اندراج مقدمہ کیلئے عدالت نہیں آ سکیں گے۔ ڈسٹرکٹ کمپلینٹ سیل ایس پی کی سربراہی میں قائم کیا جائیگا۔ چیف جسٹس نے قومی جوڈیشل پالیسی کے اجلاس میں سیکشن 22 اے 22 بی کے خاتمہ کی منظوری دی تھی جس کے نتیجے میں لاہور کی سیشن عدالتوں نے 15 ہزار سے زائد درخواستیں آدھے گھنٹے میں نمٹا دیں جب کہ اندراج مقدمہ کیسز کی سماعت کرنے والے ججز سے درخواستیں فوری واپس لے لی گئیں۔ چیف جسٹس آصف سعید خان کھوسہ آج جمعرات اورکل جمعہ کو سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں کریمنل نوعیت کے مختلف مقدمات کی سماعت کریں گے۔

ای پیپر-دی نیشن