• news

سپینش فٹبالر کارلس پیول پی ایس ایل فائنل دیکھنے کے خواہشمند

لاہور (سپورٹس رپورٹر+ نمائندہ سپورٹس) ورلڈ سوکر سٹارز پروگرام کے سلسلے میں سابق سپینش فٹبالر اور بہترین دفاعی پلیئر کارلس پیول 16مارچ کو کراچی پہنچ رہے ہیںجہاں وہ ڈولمین مال میں سجائی جانیوالی تقریب میں شرکت کے دوران مداحوں سے ملاقات بھی کریں گے۔بارسلونا کے 40سالہ سابق کپتان نے پی ایس ایل فائنل دیکھنے کی خواہش بھی ظاہر کی ہے جو ان کی پاکستان آمد کو مزید کارآمد بنا دیگی۔خیال رہے کہ کارلوس پیول فٹ بال سے عملی طور پر ریٹائر ہوچکے ہیں جبکہ وہ اپنے پورے کیریئر میں بارسلونا سے جڑے رہے اور انہیں اپنے دور میں دنیا کے بہترین دفاعی کھلاڑیوں میں سے ایک مانا جاتا تھا۔کارلس پیول کو ساتھی کھلاڑی ان کے شاندار کھیل اور عزم کے باعث ‘چٹان’ کہتے تھے اور انہوں نے بارسلونا کے علاوہ سپین کی قومی ٹیم کی نمائندگی بھی کی۔وہ 2010 ء میں فٹبال ورلڈ کپ جیتنے والی ہسپانوی ٹیم کا بھی حصہ تھے جبکہ 2004 ء سے 2014 ء میں ریٹائرمنٹ تک بارسلونا کے کپتان رہے اور کلب کی جانب سے 593 میچ کھیلے۔بارسلونا نے کارلس پیول کی قیادت میں 6 لالیگا، 3 چمپیئنز ٹرافی سمیت 20 بڑے ٹائٹل جیتے تھے۔واضح رہے اس سے پہلے مایہ ناز برازیلین فٹ بالررونالڈینو،برازیل ہی کے ریکارڈو کاکا اورپرتگال فٹبال ٹیم کے سابق کپتان لوئیس فیگو جیسے انٹرنیشنل پلیئرزبھی پاکستان آچکے ہیں۔سپین کے مشہور فٹ بال کلب ریال میڈرڈ اور انگلش کلب چیلسی کے سابق فرانسیسی سٹار کھلاڑی نیکولس انیلکا 5 مارچ کو اسلام آباد آئے تھے جہاں انہوں نے پاکستان فٹبال فیڈریشن کے صدر سید اشفاق شاہ سے ملاقات کی تھی اور پاکستان میں فٹ بال کی بہتری کے حوالے سے 20 نکاتی ایجنڈے پر تبادلہ خیال کیا تھا۔

ای پیپر-دی نیشن