کک باکسنگ چیمپئن شپ، سندھ پولیس کے کمانڈو نے بھارتی حریف کو شکست دیدی
لاہور (سپورٹس رپورٹر+ نمائندہ سپورٹس)سندھ پولیس کے کمانڈو کی عمدہ کارکردگی کی بدولت پاکستان نے بین الاقوامی کک باکسنگ چیمپئن شپ میں بھارت کو شکست دیدی۔چوتھی انٹرنیشنل مارشل آرٹ/کک باکسنگ چیمپئن شپ بنکاک میں منعقد ہوئی جس میں پاکستان کی نمائندگی سندھ پولیس کے ایس ایس یو کمانڈو خان سعید نے کی۔پہلے راؤنڈ میں خان سعید نے 2 منٹ کے اندر مارشل آرٹس کی تکنیک کو بہترین اور عمدہ طریقے سے استعمال میں لاتے ہوئے انتہائی معیاری کھیل پیش کیا اور بھارت کے کھلاڑی تیجاسوی واسو شیمہ کو شکست سے دوچار کر کے کامیابی اپنے نام کی۔ایس ایس یو کمانڈو خان سعید نے اپنی جیت کے سلسلے کو آگے بڑھاتے ہوئے گزشتہ روز کک باکسنگ مقابلے میں نیوزی لینڈ کے کھلاڑی کو شکست دی تھی۔آئی جی سندھ ڈاکٹر سید کلیم امام نے خان سعید کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے شاباش دی اور نقد انعام کا اعلان کیا۔ خان سعید ماضی میں مارشل آرٹس کے عالمی چیمپئن رہنے کیساتھ ساتھ متعدد مقامی اور بین الاقوامی مقابلوں میں کامیابی حاصل کرچکے ہیں۔