پنجاب گیمز 3 اپریل سے کرانے کا اعلان
لاہور (سپورٹس رپورٹر+ نمائندہ سپورٹس) ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب ندیم سرور نے کہا ہے کہ سپورٹس بورڈ پنجاب اور پنجاب اولمپک ایسوسی ایشن کے اشتراک سے 8 سال بعد پنجاب گیمز تین سے 6 اپریل تک لاہور میںہونگی ‘ پنجاب کی 9 ڈویژنز سے مرد وخواتین کھلاڑی حصہ لیں گے، 30 کھیلوں کے مقابلے ہونگے ۔ ان خیالات کا اظہار ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب ندیم سرور نے نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر پنجاب اولمپک ایسوسی ایشن کے سیکرٹری ادریس حیدر خواجہ، ایڈیشنل سیکرٹری جاوید چوہان، ڈائریکٹر سپورٹس پنجاب محمد حفیظ بھٹی بھی موجود تھے۔ ندیم سرور کا کہنا تھا کہ پنجاب کی تمام سپورٹس ایسوسی ایشنز بھی ہمارے ساتھ ہوں گی، ہم سب کو مل کر سپورٹس کی ترقی اور فروغ کے لئے کام کرنا ہوگا، پنجاب گیمز سے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی ہوگی اور نئے کھلاڑی ابھر کر سامنے آئیں گے۔ ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب ندیم سرور نے مزید کہا ہے کہ پنجاب گیمز آخری بار 2011ء میں منعقد کی گئی تھیں جس کے بعد یہ سلسلہ رُک گیا، سپورٹس بورڈ پنجاب نے اپنے مینڈیٹ کے مطابق 8 سال بعد پنجاب گیمز کو بحال کیا جس سے سپورٹس کا کلچر بحال ہوگا اور کھلاڑیوں کو صلاحیتوں کے اظہار کا بہترین موقع بھی ملے گا، انہوں نے کہا ہے کہ 72ویں پنجاب گیمز 2019ء میں 9 ڈویژنز سے 3 ہزار مردوخواتین کھلاڑیوں کی شرکت متوقع ہے، پنجاب گیمز کی بھرپور تیاری شروع کردی گئی ہے، کھلاڑیوں کے اوپن ٹرائلز شروع ہوچکے ہیں اور بعض ٹیمیں بھی تشکیل دیدی ہیں۔ 72 ویں پنجاب گیمز 2019ء کے انعقاد سے پنجاب اور ملک کی سپورٹس میں بہتری آئے گی ، پنجاب کے کھلاڑیوں کو اپنا ٹیلنٹ دکھانے کے لئے بہترین پلیٹ فارم مہیا کررہے ہیں، کھلاڑی آئیں اور اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوائیں، انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے ویژن کے مطابق سپورٹس کی ترقی اور فروغ کے لئے تمام وسائل بروئے کار لارہے ہیں، پنجاب گیمز میں حصہ لینے والے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کے لئے کیش انعامات بھی رکھنے کی تجویز زیر غور ہے، ہم چاہتے ہیں کہ جو بھی انعام ہو وہ براہ راست کھلاڑی کو ملے تاکہ ان کی سپورٹس میں دلچسپی بڑھے اور وہ محنت سے سپورٹس میں حصہ لیں، بہت جلد 72ویں پنجاب گیمز 2019ء کے لوگو، پرومو اور سلوگن کی بھی رونمائی کی جائے گی۔ اس موقع پر پنجاب اولمپک ایسوسی ایشن کے سیکرٹر ی جنرل ادریس حیدر خواجہ نے کہا ہے کہ پنجاب گیمز بحال کرنے پر تمام سپورٹس تنظیمیں ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب ندیم سرور کی مشکور ہیں، پنجاب گیمز کی بحالی خوش آئند ہے جس سے نئے کھلاڑیوں کی کھیپ سامنے آ ئے گی اور ان میں سے ہی چیمپئن بنیں گے، ہم امید کرتے ہیں کہ نیا پاکستان سپورٹس کے لئے بہتر ہوگا۔ ہماری خواہش ہے کہ افتتاحی تقریب میں وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار اور اختتامی تقریب میں گورنر پنجاب چودھری محمد سرور شرکت کریں۔